QR CodeQR Code

مصطفیٰ کمال کی آرمی چیف سے کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست

15 Oct 2019 19:15

سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ آرمی چیف کے علاوہ کوئی بھی اس شہر کا حل پیش نہیں کر سکتا، وہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو برباد ہونے سے بچائیں، کراچی میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے، شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال نے آرمی چیف سے شہر کے مسائل کے حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے علاوہ کوئی بھی اس شہر کا حل پیش نہیں کر سکتا، وہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو برباد ہونے سے بچائیں، کراچی میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے، شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سٹی گورنمنٹ، وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی صفائی مہم بھی ناکام ہوگئی ہے، کراچی میں تیسری صفائی مہم جاری ہے لیکن صفائی نظر نہیں آرہی، مہم سے نہیں نظام سے کراچی صاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے اس کے نظام کے لئے بھی آرمی چیف ثالثی کا کردار ادا کریں، آرمی چیف کے علاوہ کوئی بھی اس شہر کا حل پیش نہیں کر سکتا، میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو برباد ہونے سے بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ کے فور پر 20 ارب سے زائد روپے لگانے کے بعد نیسپاک کی رپورٹ آئی ہے کہ کے فور کا روٹ صحیح نہیں ہے، یہ کراچی نہیں بلکہ ملک کے خلاف سازش ہورہی ہے، کراچی برباد ہوگا تو ملک برباد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کل لیاقت آباد میں 20 سے زائد افراد کو پاگل کتے نے کاٹ لیا، جو پولیس اہلکار کتے کو مارنے گئے انہیں بھی کتے نے کاٹ لیا، کراچی میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے، شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ بند ہوئی تو ڈینگی، کتے کے کاٹنے سے لوگ مر رہے ہیں۔ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے نیب ریفرنس پر پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔


خبر کا کوڈ: 822223

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822223/مصطفی-کمال-کی-آرمی-چیف-سے-کراچی-کے-مسائل-حل-کیلئے-ثالثی-کا-کردار-ادا-کرنے-درخواست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org