QR CodeQR Code

وزیراعظم پاکستان ایک روزہ دورے پر ریاض روانہ

15 Oct 2019 20:23

پاکستان سعودی ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتوں میں انہیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی سے ہونیوالی ملاقاتوں سے آگاہ کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان اپنے اہم دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور سعودی قیادت کو دورہ ایران پر اعتماد میں لیں گے۔ یاد رہے کہ دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خلیجی ممالک کو کسی فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔ پاکستان سعودی ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتوں میں انہیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی سے ہونیوالی ملاقاتوں سے آگاہ کریں گے۔

اس اہم دورے میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران میں مذاکرات کیلئے میزبانی کی بھی پیشکش کی ہے۔ ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں۔ پاکستان کے اپنے دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے۔
 


خبر کا کوڈ: 822229

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822229/وزیراعظم-پاکستان-ایک-روزہ-دورے-پر-ریاض-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org