0
Tuesday 15 Oct 2019 20:15

دھرنے کا راستہ عمران خان نے ہی دکھایا تھا اب انہیں دھرنے اور احتجاج سے نہیں ڈرنا چاہیے، لیاقت بلوچ

دھرنے کا راستہ عمران خان نے ہی دکھایا تھا اب انہیں دھرنے اور احتجاج سے نہیں ڈرنا چاہیے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اس وقت مسئلہ کشمیر پاکستان کی بقا، مستقبل اور پاکستان کے وجود کیلئے فیصلہ کن مرحلہ میں ہے، بھارت نے 72سال سے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، 72سالوں سے عالمی فورم کشمیریوں کو جائز حق نہیں دلوا سکی، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں تقریر ہوئی اور بڑے بڑے دعوے کیے گئے، حکمران ابھی تک تقریر کی لذت میں مبتلا جبکہ کشمیری عوام مسائل سے دو چار ہیں، سوشل میڈیا اور تقاریر کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا بلکہ اس طرح کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک پالیسی بنائی جائے اور سفارتی طور پر پوری جرات سے پیش رفت کی جائے۔ ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ نے بہاولپور پریس کلب میں '' میٹ دی پریس'' میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر صوبہ سید ذیشان اختر، سابق امیر ضلع ڈاکٹر محمد اشرف، امیر شہر پروفیسر سعید احمد بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک انصاف کو ایک کروڑ 65 لاکھ ووٹ ملے لیکن تین کروڑ سے زائد ووٹ دیگر جماعتوں کو ملے، یہ ممکن نہیں کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگا دے، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، ہر سیاسی اور مذہبی جماعت کو آئین کے مطابق مارچ، دھرنے اور احتجاج کا حق ہے۔ عمران خان اپنی حکومت کی اصلاح کریں، عوام کے دکھ درد کو سمجھیں اور اگر عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو قومی لشکر اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔ دھرنے کا راستہ عمران خان نے ہی دکھایا تھا اب انہیں دھرنے اور احتجاج سے نہیں ڈرنا چاہیے۔ جماعت اسلامی کسی اتحادی سیاست کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت ہماری طاقت ہے اور اس صلاحیت کو بزدلی نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبہ کے نام پر اقتدار کی کرسی حاصل کی لیکن بجٹ میں اس کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی، ہمار ا مطالبہ ہے کہ اس علاقہ کے عوام کو ان کا حق دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک چلانے کے لیے قانون سازی کے بجائے آرڈیننسوں کا سہارا لیا جا رہا ہے، ملکی معاشی صورتحال بہت ابتر ہے، قرضوں کا حجم، افراط زر بڑھ رہا ہے، یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی عوام کیلئے ممکن نہیں رہی، حکومت کی نااہلی اور نکمے پن کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف اور ایف ٹی اے ایف کے شکنجے میں چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، بالخصوص جنوبی پنجاب میں فصلیں نامعلوم بیماریوں کا شکار ہیں، لہذا اس علاقہ کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کے واجبات معاف کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 822232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش