0
Tuesday 15 Oct 2019 20:46

جمشید دستی کی بس پولیس قبضے کے خلاف طلباء کا احتجاج، بس واگزار کرانے کا مطالبہ

جمشید دستی کی بس پولیس قبضے کے خلاف طلباء کا احتجاج، بس واگزار کرانے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ عوامی راج ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام بی زیڈ یو کے طلبہ نے مظفرگڑھ سے ملتان تک فری بس سروس بند کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فری بس سروس پر پابندی ختم کرو کے نعرے بھی لگائے، احتجاجی مظاہرے میں طلباء کا کہنا تھا کہ عوامی راج پارٹی کے سربراہ و سابق ایم این اے جمشید دستی کی جانب سے مظفرگڑھ کے غریب طلبہ و طالبات کو بی زیڈ یو تک آنے اور لے جانے کے لئے عوامی راج ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام فری بس سروس کا اجرا کیا گیا جس کی وجہ سے روزانہ سینکڑوں طلبہ اس بس میں مفت سفر کرکے یونیورسٹی تعلیم حاصل کرنے آتے تھے، لیکن اب اس فری بس سروس پر حکومتی اداروں نے پابندی عائد کردی ہے، جس کی وجہ سے مفت سفر کرنے والے سینکڑوں طلبہ وطالبات سے بہترین سفری سہولت چھین لی گئی ہے، جس کی وجہ سے غریب لوگوں کے بچے شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں، وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث کیسے روزانہ سینکڑوں روپے کے کرائے ادا کرکے یونیورسٹی پہنچیں گے، اس سلسلے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو سوچنا چاہیئے اگر فری بس سروس پر فی الفور پابندی نہ ہٹائی گئی تو وہ احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ کے کسی بھی جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار نے مظفرگڑھ سے ملتان میں بی زیڈ یو میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو فری بس سروس دینے کے لئے آج تک کوئی اقدامات نہیں کئے لیکن جمشید دستی کی طرف سے فری بس سروس کے اجرا پر اب حکومت اور حکومتی اداروں کی جانب سے نہ صرف جمشید دستی پر جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں بلکہ غریب طلبا و طالبات سے بھی مفت سفری سہولت چھین لی گئی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے بلکہ فری بس سروس کی آمد و رفت کے اخراجات کے لئے فنڈز کا بھی اجرا کرے، اگر فری بس سروس کا جلد از جلد اجرا نہ کیا گیا تو سینکڑوں طلبہ و طالبات کی تعلیم بھی متاثر ہوگی، اسی لئے کوئی ایسے اقدامات نہ کئے جائیں کہ جس کی وجہ سے غریب طلبہ و طالبات کی تعلیم متاثر ہو۔

 
خبر کا کوڈ : 822241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش