0
Wednesday 16 Oct 2019 18:17

مسائل کا واحد حل وحدت امت میں مضمر ہے، طاہر اشرفی

مسائل کا واحد حل وحدت امت میں مضمر ہے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ طاہر اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تناو کم کرنے کیلئے بلاشبہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کردار قابل تحسین ہے، موجودہ عالمی تناظر میں یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جنگ سے بھوک کے سوا کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس لیے اس آپشن کی طرف نہیں بڑھنا چاہیے، اس وقت سعودی عرب دہشتگردی کا شکار ہے، اس پر حملے ہو رہے ہیں اس لیے سعودی عرب کی قیادت فوری طور پر یہ چاہے گی کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے اس پر جو حملے ہو رہے ہیں انہیں روکا جائے اور اعتماد کی بحالی کیلئے ایران کو اس طرف پیشقدمی بھی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، ایک حصے کی تکلیف پورے جسم کی تکلیف بن جاتی ہے، کشمیر کا مسلمان شہید ہو یا فلسطین کا، شام کا بچہ سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہو یا عراق کا بچہ ذبح ہو، ارض حرمین شریفین پر حملہ ہو یا یمن میں انتشار، مسلمان اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، ہمارے دین نے ہمیں سبق دیا ہے کہ غیر مسلموں پر ہونیوالے مظالم پر بھی خاموش نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مصالحانہ کردار کے بعد یقینی طور پر معاملات مثبت سمت آگے بڑھیں گے۔ سعودی عرب پر حملوں کے پیچھے بھی کئی عناصر کار فرما ہیں، یہ قوتیں سعودی عرب کو ایک طاقتور اسلامی ملک کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتیں، اسی طرح پاکستان کیخلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ مسلم ممالک  اپنے مسائل میں الجھ کر استحکام کی جانب نہ بڑھ سکیں، یہ طاقتیں کسی بھی اسلامی ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتیں، ایسی صورتحال میں مسائل کا واحد حل وحدت امت میں مضمر ہے، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتے اسی طرح ایران کی قیادت نے بھی واضح طور پر مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے یہ نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا رویہ ہے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آنیوالے وقت میں معاملات بہتری کی جانب بڑھیں گے، اور اس مصالحتی عمل میں عسکری قیادت کا کردار قابل فخر ہوگا جس نے دونوں ملکوں کے درمیان سہولت کاری کیلئے کردار ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 822386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش