0
Wednesday 16 Oct 2019 18:42

آئی جی کا چہلم کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا حکم

آئی جی کا چہلم کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام فیلڈ افسران کو ہدیات دیتے ہوئے صوبے بھر میں شہریوں کی سہولت کیلئے بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں کے علاوہ تمام پولیس ناکوں کو فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ آئی جی نے کہا ہے کہ پولیس فورس شہریوں اورگاڑیوں کی چیکنگ کیلئے جاری کردہ نئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر اے کیٹیگری کے جلوسوں اور مجالس کو فور لئیر سکیورٹی فراہم کی جائے۔ آئی جی نے کہا کہ چہلم کے جلوسوں اور مجالس کو بھی عاشورا کی طرز پر سکیورٹی فراہم کی جائے اور کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ناکوں کی بجائے سی سی ٹی وی کیمروں اور پٹرولنگ کے ذریعے شاہرات پر مانیٹرنگ اور نگرانی کا عمل سر انجام دیا جائے اور ناکوں پر کھڑے رہنے کی بجائے پولیس افسران واہلکار جرائم کے خاتمے کیلئے آپریشنل سرگرمیوں میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر دوران چیکنگ شہریوں کیساتھ بد سلوکی یا غیر ذمہ دارانہ رویے کا واقعہ سامنا آیا تو متعلقہ ڈی ایس پی براہ راست ذمہ دار ہوگا اور ذمہ داران کیخلاف ڈسپلن میٹرکس کے مطابق محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں شہریوں کو اگر کسی جگہ پر پولیس کے ناکے کی موجودگی کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ 8787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، ذمہ داراہلکاروں کیخلاف کارروائی میں کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فری رجسٹریشن سے جرائم کی شرح میں نظر آنیوالے اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ٹیمیں اپنی پرفارمنس کو مزید موثر بنائیں اور ڈکیتی، قتل اور اغوا سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے سینئر افسران سپیشل ٹیمیں بنا کر ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں۔
خبر کا کوڈ : 822452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش