0
Wednesday 16 Oct 2019 20:10

عیدمیلادالنبی کے حوالے سے تمام مسالک کے علمائے کرام کا اجلاس، انتظامیہ سے تعاون کا مطالبہ

عیدمیلادالنبی کے حوالے سے تمام مسالک کے علمائے کرام کا اجلاس، انتظامیہ سے تعاون کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مرکزی میلاد کونسل، متحدہ میلاد کونسل کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے سینئر ارکان نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جشن عید میلادالنبی کے جلوسوں اور دیگر تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے لئے چاند نظر آنے سے قبل انتظامات مکمل کئے جائیں، تجاوزات کے خاتمے اور سیکیورٹی پلان بھی جلد جاری کیا جائے، یکم سے 12 ربیع الاول تک لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور ملتان کی قدیم روایات کے مطابق شاندار چراغاں اور جلوس نکالنے والوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انعامات دیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے تنظیم آئمہ مساجد کے زیراہتمام مرکزی میلاد کونسل، متحدہ میلاد کونسل اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ جس سے جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی، مرکزی میلاد کونسل کے کوآرڈینیٹر محمد ایوب مغل، متحدہ میلاد کونسل کے مرزا ارشد القادری، چیئرمین خواجہ شفیق اللہ البدری، سیکرٹری جنرل راو محمد عارف رضوی، سینئر نائب صدر قاری حنیف انصاری، سینئر ممبر سپریم کونسل رکن الدین حامدی ودیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی میلاد کونسل اور متحدہ میلاد کونسل مل کر جشن عید میلادالنبی کے جلوسوں اور دیگر تقریبات کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں گے اور اس اتحاد کو مزید فروغ دیا جائے گا جبکہ دونوں تنظیموں کے ارکان ایک دوسرے کی تقریبات میں بھی بھرپور شرکت کریں گے، اس موقع پر ایک قرار داد کے زریعے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور عالم اسلام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے اختلافات بھلا کر مکمل اتحاد کا مظاہرہ کریں اور کشمیر سے کرفیو ختم کرانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔

استقبالیہ میں ممبران امن کمیٹی سید علی رضا گردیزی، شفقت حسنین بھٹہ، ڈاکٹر اکمل مدنی، بابو نفیس انصاری، مظہر جاوید سیال، علامہ انوارالحق مجاہد، آصف محمود اخوانی، پروفیسر مظہر گیلانی، سلیم بلالی ٓ، علامہ خالد محمود اخوانی، مجلس وحدت المسلین کے رہنما سلیم عباس صدیقی، مزین عباس چاون، بشارت عباس قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ مرکزی میلاد کونسل کے رہنما علامہ فاروق خان سعیدی نے کہا کہ مرکزی میلاد کونسل اور متحدہ میلاد کونسل ایک ہی شاخ کی دو کونپلیں ہیں، ہمارا مقصد ایک ہے مگر کام کرنے کا طریقہ جدا جدا ہے، ہم ایک دوسرے کے تعاون سے محافل میلاد اور جلوس ہائے میلاد کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ محمد ایوب مغل، سلیم بلالی، مفتی عثمان پسروری نے متحدہ میلاد کونسل کے عہدیداران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اہل سنت کیلئے یہ کاوش قابل تحسین ہے، ضلعی انتظامیہ جلوس ہائے میلاد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ متحدہ میلاد کونسل کے صدر مرزا ارشدالقادری، چیئرمین خواجہ شفیق اللہ البدری، قاری حنیف انصاری، رکن الدین حامدی اور راو عارف رضوی نے کہا کہ مرکزی میلاد کونسل کے قائدین ہمارے اکابرین ہیں جن کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ ہم اپنے اکابرین کی سرپرستی میں مزید بہترین انداز سے میلادالنبی کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں گے۔

سید علی رضا گردیزی، شفقت حسنین بھٹہ اور آصف محمود اخوانی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ میلاد کونسل کی جانب سے پیش کئے جانیوالے مطالبات پر غور و خوض کرے اور ربیع الاول میں میلاد منانے کیلئے شاندار انتظامات کرے، ڈاکٹر اکمل مدنی، بابو نفیس انصاری، علامہ انوارالحق مجاہد نے کہا کہ مرکز ی میلاد کونسل اور متحدہ میلاد کونسل کا متحد ہونا ملتان شہر کیلئے خوش آئند ہے، علامہ رمضان شاہ فیضی، حافظ معین الدین خالد، ڈاکٹر ارشد بلوچ، بشیر گولڑوی اور حافظ ظفر قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میلادالنبی کے حوالے سے خدمت بہت بڑا اعزاز ہے، ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم میلاد پاک کی نسبت سے متحد ہیں، استقبالیہ میں میجر محمد اقبال چغتائی، علامہ سعیداحمد فاروقی، پیر افضل فرید چشتی، علامہ امیراظہر سعیدی، کامران عالم نقشبندی، حاجی اختر رضا، قاری توفیق حامدی، عامر علی قادری، ملک عمران یوسف، فیض رسول رضوی، محمد عادل، محمد فاضل قریشی، حمید نواز، احمد نواز عصیمی برادران اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی میلاد کونسل، متحدہ میلاد کونسل، ممبران امن کمیٹی اور معززین شہر کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ میلاد 2019ء جاری کیا گیا۔ جس میں ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ میلاد کے جلوسوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ میلادالنبی کی محافل اور جلوسوں کے اجازت نامے ون ونڈو کے زریعے سہل بنائے جائیں اور فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 822468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش