QR CodeQR Code

بابری مسجد کی ملکیت سے دستبردار ہونے کیلئے سنی وقف بورڈ نے 3 شرائط رکھ دیں

16 Oct 2019 23:18

بھارتی سپریم کورٹ نے دہائیوں سے جاری تاریخی بابری مسجد کی ملکیت کے حوالے سے مسلمانوں اور دیگر 2 ہندو فریقین کے درمیان دعوؤں کے مقدمے کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تاریخی بابری مسجد کی ملکیت سے دستبردار ہونے کے لیے سنی وقف بورڈ نے سپریم کورٹ کی ثالثی کمیٹی کے سامنے 3 شرائط پیش کر دیں۔ بھارتی سپریم کورٹ نے دہائیوں سے جاری تاریخی بابری مسجد کی ملکیت کے حوالے سے مسلمانوں اور دیگر 2 ہندو فریقین کے درمیان دعوؤں کے مقدمے کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر شدید تناؤ اور خوف و ہراس کی کیفیت قائم رہی جب کہ ایودھیا کے علاقے میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ سنی وقف بورڈ نے کشیدہ صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے  عدالت سے باہر تصفیے کیلیے قائم ثالثی کمیٹی کو اپنی 3 شرائط پیش کیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنی وقف بورڈ نے عدالت کی جانب سے تشکیل دی گئی، ثالثی کمیٹی کے سامنے اپنی 3 شرائط رکھی ہیں اگر ان شرائط پر عمل درآمد ہوجاتا ہے تو سنی وقف بورڈ بابری مسجد کی ملکیت سے دستبردار ہوجائے گی۔ سنی وقف بورڈ کی شرائط میں ریاست اتر پردیش میں 22 مساجد کے قیام، 1991 کے مذہبی عبادت گاہوں کے متعلق قانون پر عمل درآمد اور مرکزی حکومت کے زیر انتظام آثار قدیمہ کے تمام مراکز میں قائم مساجد میں نماز پڑھنے کی اجازت دینا شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بابری مسجد ملکیت کیس میں گو کہ مرکزی تین فریقن دعویدار ہیں، جن میں سنی وقف بورڈ بھی شامل ہے تاہم اس کیس میں کئی اور درخواست گزار مسلم نمائندگی کے نام پر ہیں جن کی رضامندی ضروری ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 822500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822500/بابری-مسجد-کی-ملکیت-سے-دستبردار-ہونے-کیلئے-سنی-وقف-بورڈ-نے-3-شرائط-رکھ-دیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org