QR CodeQR Code

چار سو محکمے بند کرنے کا اعلان کرنیوالے بے روزگاروں کی تعداد ایک کروڑ تک لے جائینگے، نئیر بخاری

17 Oct 2019 06:41

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماء نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے پر خودکشی کا دعویٰ تو سچ ثابت نہ ہو سکا، لیکن ملک کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن لینے والوں نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والے چار سو محکمے بند کرنے کا اعلان کرکے بے روزگاروں کی تعداد ایک کروڑ تک لے جائینگے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ملکی معاشی صورت حال پر عالمی بینک کی رپورٹ حکمرانوں کی گڈ گورنس کا پول کھول رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے پر خودکشی کا دعویٰ تو سچ ثابت نہ ہو سکا، لیکن ملک کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن لینے والوں نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ مہنگائی کی رفتار مزید بڑھنے کا اندیشہ حکومتی ناایلیت ہے، نالائق نااہل حکمرانوں نے ملک کو معاشی اقتصادی سطح پر کئی برس پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

نیر بخاری نے مزید کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے صنعتوں کی بندش ہونے سے 40 لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والے چار سو محکمے بند کرنے کا اعلان کرکے بے روزگاروں کی تعداد ایک کروڑ تک لے جایینگے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایسے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی سربراہی نے دراصل ایک کروڑ ملازمتیں دینے کی بجائے ایک کروڑ نوکریاں واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ نیر بخاری نے کہا کہ بیرونی قرضوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بیرونی قرضوں میں جکڑنے والے عوام الناس کی زندگیاں مزید اجیرن بنانے کے درپے ہیں، وزیروں مشیروں کی فوج ملکی خزانے پر بوجھ اور عوام ریلیف سے محروم ہیں۔ نیر بخاری نے کہا کہ مانگے تانگوں کیلئے آسامیاں خالی اور عوام الناس کیلئے روزگار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے رواں کھاتوں میں شدید کمی کا رحجان حکمرانوں پر بداعتمادی کی گواہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 822523

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822523/چار-سو-محکمے-بند-کرنے-کا-اعلان-کرنیوالے-بے-روزگاروں-کی-تعداد-ایک-کروڑ-تک-لے-جائینگے-نئیر-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org