QR CodeQR Code

انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا خاتمہ ناگزیر ہے، عثمان بزدار

17 Oct 2019 10:06

غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج کے دن کا پیغام ہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا موثر کردار ادا کرے، یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ غربت معاشرے میں بگاڑ کا بڑا سبب ہے، غربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے، معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ  جس معاشرے میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہو، وہاں امیر اور غریب میں تفریق بڑھتی ہے۔  وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ غربت میں کمی کیلئے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے عمل کو روکنا ہوگا، غریب افراد کی حلال رزق سے امداد کرنا دین اسلام کا اولین درس ہے، غربت سے متعلقہ مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات اور ٹھوس حکمت عملی کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو غریب آدمی کے مسائل کا پورا ادراک ہے، ہماری حکومت نے غربت میں کمی کیلئے کئی پروگرامز شروع کئے ہیں، غریب لوگوں کی حالت زار میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے،  غربت کے خاتمے کیلئے کوششیں صاحب حیثیت افراد کی بھی اخلاقی، قومی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا پیغام ہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا موثر کردار ادا کرے، یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 822541

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822541/انتہا-پسندانہ-رویوں-کے-خاتمے-کیلئے-غربت-کا-خاتمہ-ناگزیر-ہے-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org