0
Friday 18 Oct 2019 18:28

مسلم لیگ (ن) نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا

مسلم لیگ (ن) نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں شہباز شریف سے ہونیوالی ملاقات کامیاب رہی۔ مسلم لیگ ن نے مولانا کے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے ماڈل ٹاون میں میڈیا سے گفتگو کی جس میں شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو تاریخی تعاون ملا ہے، لیکن اس کے باوجود یہ نااہل حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اداروں نے اگر اتنا تعاون کسی بھی حکومت سے کیا ہوتا تو پاکستان دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرتا۔ سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پورے ملک میں کاروبار بند ہے، دکانیں بند ہو چکی ہیں، عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے، 31 اکتوبر کو جلسے میں مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج جے یو آئی ف کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں ملکی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی، مہنگائی عروج پر ہے، علاج معالجہ عام آدمی کیلئے ناپید ہے، ادویات کی قیمیتیں بڑھنے سے لوگ سسک سسک کر جان دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کی ذمہ داری اداروں پر ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معاشی صورتحال تباہی کے دہانے پر ہے، بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال بدترین سطح پر ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، عمران خان پوری طرح ناکام ہو چکے ہیں، سرمایہ کاری ختم ہو چکی ہے، مہنگائی عروج پر ہے، آج جو کچھ ہو رہا ہے پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
خبر کا کوڈ : 822738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے