QR CodeQR Code

فضل الرحمان کیساتھ مذاکرات ملکی مفاد میں کر رہے ہیں، گورنر پنجاب

18 Oct 2019 11:16

چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا ہوتا ہے، اگر حکومت مذاکرات نہ کرے تو لوگ کہتے ہیں حکومت سولو فلائٹ کرتی ہے، یہ مذاکرات نہیں کرتے اور اگر اب ہم نے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو کچھ لوگ کہتے ہیں مذاکرات کیوں کرتے ہیں؟ جس سے ثابت ہوتا ہے سیاسی مفادات کیلئے کچھ لوگ بلاجواز حکومتی پالیسوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے لاہور میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی (ف) سے مذاکرات کسی دباؤمیں نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کر رہے ہیں، سیاست میں بھی پہلے ناں پھر ہی ہاں ہوتی ہے، ان شاء اللہ مولانا فضل الرحمن بھی مذاکرات کیلئے مان جائیں گے، حکومت کی ترجیح مسئلہ کشمیر اور ملکی معیشت ہے اگر پاکستان میں اس وقت احتجاج اور دھرنے ہوں گے تو کشمیر کاز اور ملکی مفاد کو بھی نقصان ہوگا، ملک اس وقت ایسے کسی نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سمجھنا چاہیے کہ ملک کسی ٹکرائو اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا ہوتا ہے، اگر حکومت مذاکرات نہ کرے تو لوگ کہتے ہیں حکومت سولو فلائٹ کرتی ہے، یہ مذاکرات نہیں کرتے اور اگر اب ہم نے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو کچھ لوگ کہتے ہیں مذاکرات کیوں کرتے ہیں؟ جس سے ثابت ہوتا ہے سیاسی مفادات کیلئے کچھ لوگ بلاجواز حکومتی پالیسوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے اور جہاں تک مولانا فضل الرحمن کی تقریر میڈیا پر نہ دکھانے کا تعلق ہے تو حکومت نے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی، پیمرا پاکستان کا آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، اگر وہ کسی پر کوئی پابندی لگاتا ہے تو حکومت کا ا س سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اس لیے اس ایشوز کو حکومت کیساتھ نہ جوڑا جائے۔

گورنر نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارت مظالم کیخلاف پوری قوم متحد ہے اور دنیا کو واضح پیغام جا رہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ بھارت مظالم کیخلاف اور کشمیریوں کی تحریک آزاد ی میں انکے ساتھ ہے، اس لیے اپوزیشن کو چاہیے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست نہ کریں بلکہ ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھا جائے۔


خبر کا کوڈ: 822745

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822745/فضل-الرحمان-کیساتھ-مذاکرات-ملکی-مفاد-میں-کر-رہے-ہیں-گورنر-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org