0
Friday 18 Oct 2019 12:11

کراچی کیلئے سندھ حکومت کی مفت ایمبولینس سروس معطل

کراچی کیلئے سندھ حکومت کی مفت ایمبولینس سروس معطل
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کیلئے سندھ حکومت کی پہلی مفت ایمبولینس سروس فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نجی ادارے امن ہیلتھ کیئر سروسز کے تحت چلنے والی جان بچانے والی ایمبولینسز کی سروس کو سندھ حکومت کی سرپرستی میں لیا تھا، ایمبولینس سروس کے اخراجات کی مد میں جولائی تا دسمبر 41 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جانی تھیں، تاہم معاہدہ اور سروس کے آغاز کے چار ماہ گزرنے کے باوجود سندھ حکومت مذکورہ فنڈز جاری نہ کر سکی۔ امن ہیلتھ کیئر سروسز نے سندھ حکومت کے اشتراک کے بعد اس سہولت کو سندھ ریسکیو اینڈ میڈیکل سروس کا نام دیا، جس کے تحت 60 جان بچانے والی ایمبولینسز کراچی میں خدمات فراہم کرتی رہیں، اس سروس سے یومیہ 300 مریض استفادہ کر رہے تھے، تاہم فنڈز کی قلت کی وجہ سے سروس میں تعطل آتا رہا اور ایمبولینسز کی تعداد 60 سے بتدریج کم ہوتی رہی، اکتوبر کے آغاز تک یہ تعداد 15 تک محدود ہوگئی، جبکہ اکتوبر کے وسط تک محض 5 ایمبولینس یہ سہولت فراہم کر رہی تھیں اور وہ بھی آخرکار 17 اکتوبر کو بند کردی گئیں۔

امن ہیلتھ کیئر سروسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی قلت کی وجہ سے عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ دوائیں، آکسیجن اور ایندھن کی خریداری میں مشکلات کا سامنا تھا، کسی نہ کسی طور پر چار ماہ تک یہ سہولت مہیا کی جاتی رہی، لیکن سندھ حکومت کی جانب سے وعدوں کے علاوہ کچھ نہ دیا گیا۔ ادھر حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کیلئے جاری کردہ بیان میں کہا کہ امن ایمبولینس سروس بند ہونے کے معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے، امن ایمبولینس کے بند ہونے کا تاثر غلط ہے، فنڈز کی سمری وزیراعلی سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 822754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش