QR CodeQR Code

ڈی آئی خان میں 4 سالہ بچی کو ونی کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، مقدمہ درج

18 Oct 2019 13:19

متاثرہ بچی کے والد کے مطابق ملزمان نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کے گناہ کے بدلے میں اپنی کمسن 4 سالہ بیٹی دعا ایمان کا نکاح 22 سالہ سعید ولد حیدر سے کردوں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے زبردستی میری بیٹی کا نکاح سعید سے پڑھایا اور مجھے کسی کے سامنے زبان کھولنے پر جان سے مارنے سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان تھانہ پہاڑ پور کے علاقہ جھوک عمرے والی میں بھائی کے مبینہ گناہ کی سزا میں پنچایت کے فیصلے میں 4 سالہ کمسن بہن کو ونی کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ متاثرہ بچی کے والد کی رپورٹ پر نکاح خواں مولوی سمیت 7 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان پولیس کے مطابق تھانہ پہاڑ پور کی حدود میں واقعہ گاؤں جھوک عمرے والی کے رہائشی زبیر ولد غلام سرور کے حنیف الرحمٰن کی بیٹی کے ساتھ مبینہ ناجائز مراسم تھے اور چند روز قبل زبیر حنیف الرحمٰن کے گھر میں گھسا تھا۔ غلام سرور کے مطابق میرے بیٹے کے مبینہ گناہ کی سزا میں مقامی افراد پر مشتمل پنچایت نے اس کو مقامی مسجد میں طلب کیا جہاں ملک اختر ولد شاہجہان عرف بگا، شادی خان ولد ملک اختر اقوام جائی، ستار، غفار پسران غلام رسول، رمضان اور سعید پسران حیدر اقوام میتلہ کے علاوہ مولوی ہدایت الرحمٰن بھی موجود تھے۔ متاثرہ بچی کے والد کے مطابق ملزمان نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کے گناہ کے بدلے میں اپنی کمسن 4سالہ بیٹی دعا ایمان کا نکاح 22 سالہ سعید ولد حیدر سے کردوں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے زبردستی میری بیٹی کا نکاح سعید سے پڑھایا اور مجھے کسی کے سامنے زبان کھولنے پر جان سے مارنے سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پہاڑ پولیس نے غلام سرور کی رپورٹ پر نکاح خواں مولوی ہدایت الرحمٰن اور پنچایت کے سربراہ ملک اختر سمیت 7 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی۔


خبر کا کوڈ: 822772

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822772/ڈی-آئی-خان-میں-4-سالہ-بچی-کو-ونی-کی-بھینٹ-چڑھا-دیا-گیا-مقدمہ-درج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org