0
Friday 18 Oct 2019 15:32

امن فاؤنڈیشن کو فعال رکھنے کیلئے17 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرنے کی ہدایت

امن فاؤنڈیشن کو فعال رکھنے کیلئے17 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی محکمہ خزانہ کو سنگین معاشی بحران کا شکار امن فاؤنڈیشن کے لئے 17 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت کو ایمبولینس سروس کو آئندہ بدھ تک فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس سے قبل امن فاؤنڈیشن ایمبولینس سروس عطیات کی بل بوتے پر چلائی جاتی تھی لیکن اب یہ صوبائی حکومت کی فنڈنگ پر انحصار کرتی ہے۔ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ ایک ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں جس کے تحت امن فاؤنڈیشن کو وقت پر اس کے فنڈز مل جائیں گے۔ اسی حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اس تاثر کو رد کیا کہ ایمبولینس سروس بند کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے لئے وزیراعلیٰ کو سمری فراہم کردی گئی ہے اور ان کی منظوری کے فوراً بعد فنڈز جاری کردیئے جائیں گے۔ ان مزید کہنا تھا کہ یہ شہریوں کے لئے بہترین سروس ہے اور سندھ حکومت چاہتی ہے کہ فاؤنڈیشن شہریوں کو سہولت فراہم کرتی رہے۔

امن فاؤنڈیشن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبائی محکمہ صحت سروس نے سروس کے واجبات ادا نہیں کئے جس کی وجہ سے ایمبولینس سروس اس وقت معطل ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن اور حکومت کے درمیان مئی میں سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت حکومت کو 45 کروڑ روپے ادا کرنے تھے۔ اسی معاہدے کے مطابق امن فاؤنڈیشن کی 60 ایمبولینسز سندھ ریسکیو اینڈ میڈیکل سروس کے تحت چلائی جانی تھی لیکن فاؤنڈیشن 60 ایمبولینسوں کا مکمل دستہ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمبولینس سروس اُس وقت سے مشکلات کا شکار ہے جب سے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو لندن میں گرفتار کیا گیا تھا، اور اس سروس سے منسلک عملے کو جولائی میں محض نصف تنخواہوں کی ادائیگی ہوسکی تھی۔
خبر کا کوڈ : 822794
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش