0
Friday 18 Oct 2019 15:40

کربلا میں چہلم امام حسینؑ اتحاد کا عظیم مظاہرہ ہے، نیاز نقوی

کربلا میں چہلم امام حسینؑ اتحاد کا عظیم مظاہرہ ہے، نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے لاکھوں زائرین چہلم امام حسین ؑ میں شرکت کیلئے عراق پہنچ گئے ہیں، نجف اشرف سے کربلا 90 کلومیٹر کی طویل ترین واک مشی شروع ہو گئی ہے جس میں دنیا بھر سے تمام اسلامی مسالک کے ہر رنگ و نسل کے عقیدت مندان شامل ہیں۔ دور حاضر کے اس بے مثال ” قافلہءعشق“ کی میزبانی کی بھی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔ لاہور میں علماء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نجف سے کربلا، میلوں تک پھیلی نماز جماعت میں لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت اتحاد بین المسلمین کا عظیم الشان مظاہرہ ہے۔ پاکستان سے ہزاروں شیعہ، سنی عقیدت مندان فضائی و زمینی راستوں سے عراق پہنچ گئے ہیں۔ کل ہفتہ کے دن کربلا میں اڑھائی کروڑ سے زائد زائرین شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کریں گے جو انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کربلا میں چہلم حضرت امام حسین ؑ کے نظیر اجتماع کی بے مثال میزبانی دنیا کی نادر ترین میزبانی ہوتی ہے، جس میں 90 کلومیٹر طویل شاہراہ کے ارد گرد مہمان خانے، بستر، بہترین کھانے، ہر قسم کے مشروبات اور ضرورت کا تمام سامان مفت پیش کیا جاتا ہے جبکہ میزبانی کرنیوالے عرب ممالک اور ایران کے عام آدمی سے لے کر سرمایہ دار، اعلیٰ فوجی اور سول حکام زائرین کے پاﺅں دبانے، جوتے پالش کرنے کو اپنی سعادت سمجھتے ہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ دنیا بھر کی میڈیا ٹیموں کیساتھ پاکستان کا میڈیا بھی عراق سے براہ راست کوریج دے گا۔ ہم پاکستانی میڈیا چینلز کو متوجہ کرتے ہیں کہ اس عظیم ترین اجتماع کو کوریج دے کر خانوادہء رسالت سے عشق کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نکتہ کی طرف توجہ بہت ضروری ہے کہ دنیا بھر سے لوگوں کا کربلا کی طرف رخ درحقیقت اللہ تعالیٰ کی رضا و مشیت کا نتیجہ ہے کہ اس کے دین کیلئے سب کچھ قربان کرنیوالے حسین اور اس کی آل و اصحاب کی یاد زندہ رہے۔
خبر کا کوڈ : 822795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش