QR CodeQR Code

کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی، انسانی حقوق کے رہنمائوں کی خصوصی شرکت

18 Oct 2019 20:13

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت سراسر انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، جس کا اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری نوٹس لینا چاہیئے، 76روز سے جاری کرفیو کا خاتمہ کیا جائے، ہم مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے ہیومن رائٹس کے نمائندہ رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں نواں شہر چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس میں سماجی کارکنوں نے کشمیر بنے گا پاکستان، پاک فوج زندہ باد، مودی مردہ باد کے نعرے لگائے اور 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان بھی کیا گیا، جبکہ ریلی میں ملتان، خانیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، لیہ، وہاڑی، لودھراں، راجن پور، مظفرگڑھ، رحیم یار خان کے سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی مہندر پال سنگھ، سرفراز کلیمنٹ، صائمہ صادق، شہزاد، نوید گل، اللہ داد خان، محمد یوسف، کامران یوسف، عمران پاشا، ثاقب، مریم، یاسر انعام، شعیب احمد، کاشف رضا، نوید انجم، شبیر سیال، مختار احمد، شفیق الرحمن، عبد اللہ رزاق، خرم احتشام، علی عباس نے کی۔ اس موقع پر ایم پی اے مہندر پال سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت سراسر انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کا اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ 76روز سے جاری کرفیو کا خاتمہ کیا جائے، ہم مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں گے کیونکہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947ء کو مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا اگر کشمیر کی بنیادی حیثیت کو برقرار نہ رکھا گیا تو ساوتھ پنجاب ہیومن رائٹس مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے بھرپور انداز میں احتجاجی تحریک چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیری 76 روز سے جاری کرفیو کی وجہ سے نہ صرف فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں بلکہ تعلیم و صحت، روزگار سمیت دیگر سہولیات تک ان سے چھین لی گئی ہیں اور انہیں مذہبی آزادی تک حاصل نہیں ہے، اس سلسلے میں اقوام متحدہ کو حقیقی معنوں میں نوٹس لینا چاہیئے جبکہ اس موقع پر مظلوم کشمیریوں کی بنیادی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لئے قرارداد بھی منظور کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 822833

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822833/کشمیری-مسلمانوں-سے-اظہار-یکجہتی-کیلئے-ریلی-انسانی-حقوق-کے-رہنمائوں-کی-خصوصی-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org