QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، اعجاز چودھری

19 Oct 2019 18:46

پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے دوری نے مولانا فضل الرحمان کا ذہنی توازن خراب کر دیا ہے، حکومتی اقدام سے کرنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہونا شروع ہو گئی ہے، ملک درست سمت چل پڑا ہے جبکہ عالمی برادری بھی پاکستانی حکومت پر اعتماد اظہار کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنماء اعجاز احمد چودھری نے لاہور میں پارٹی رہنماوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے لٹھ بردار لشکر بنا کے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، فضل الرحمان اور ان کے حواری حکومت پر بہتان تراشی اور اداروں کیخلاف مسلسل زہر اگل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ سے دوری نے مولانا فضل الرحمان کا ذہنی توازن خراب کر دیا ہے، حکومتی اقدام سے کرنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہونا شروع ہو گئی ہے، ملک درست سمت چل پڑا ہے جبکہ عالمی برادری بھی پاکستانی حکومت پر اعتماد اظہار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں شکست سے حواس باختہ ہو گئے ہیں، پیپلز پارٹی کا آئندہ انتخابات میں نام و نشان نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا ڈرامہ رچانے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، بلاول زرداری کو ابا اور پھپھو کی کرپشن پکڑی جانے کی فکر کھائی جا رہی ہے، ادھر شعبدہ باز شہباز شریف صرف خالی بڑھکیں لگا رہے ہیں۔ اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت غریب عوام کے ریلیف کیلئے بڑے اقدامات کر رہی ہے، صحت کارڈ کا اجراء، نوجوانوں کیلئے 100 ارب کے قرضے، پناہ گاہیں، لنگر خانے سمیت دیگر منصوبے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے غریبوں کیلئے تحفے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تباہی اور بربادی کے ذمہ دار آصف زرداری، نواز شریف مافیا ہے، جس نے کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض ہو کر ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے اتحادی جی ڈی اے کے امیدوار کی کامیابی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلاول زرداری سندھ کی عوام کو زیادہ دیر تک بیوقوف نہیں بنا سکتے، سندھ کی عوام باشعور ہے اور اب وہ پیپلز پارٹی کے فریب اور چکر میں نہیں آئیں گے۔


خبر کا کوڈ: 822854

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822854/مولانا-فضل-الرحمان-غیر-ملکی-ایجنڈے-پر-کام-کر-رہے-ہیں-اعجاز-چودھری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org