QR CodeQR Code

گلگت، اپیلیٹ کورٹ کے سیکرٹری کی بھرتی سے ترقی تک عجب کرپشن کی غضب کہانی ہے، عوامی ایکشن کمیٹی

19 Oct 2019 22:03

اے اے سی کی ایگزیکٹیو باڈی کا اہم اجلاس گلگت میں ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ایک ملازم کے خلاف گلگت بلتستان اسمبلی، سپریم اپیلیٹ کورٹ بار، چیف کورٹ بار کی قراردادوں سمیت عوامی احتجاج کے بائوجود اس ملازم کو تحفظ فراہم کرنا متعلقہ ادارے اور حکام بالا کے جی بی مخالف عزائم کا اظہار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ سپریم اپیلیٹ کورٹ سے متعلق آواز بلند کرنا گلگت بلتستان کے عوام کا بنیادی حق ہے، اس ادارے کے اندر گزشتہ ایک عرصے سے میرٹ کی پامالی اور بدترین کرپشن کی مثالیں قائم کی گئی ہیں۔ اے اے سی کی ایگزیکٹیو باڈی کا اہم اجلاس گلگت میں ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ایک ملازم کے خلاف گلگت بلتستان اسمبلی، سپریم اپیلیٹ کورٹ بار، چیف کورٹ بار کی قراردادوں سمیت عوامی احتجاج کے بائوجود اس ملازم کو تحفظ فراہم کرنا متعلقہ ادارے اور حکام بالا کے جی بی مخالف عزائم کا اظہار ہے۔ اے اے سی کی ایگزیکٹیو باڈی کے اجلاس میں مزید کہا گیا کہ لوکل نان لوکل کا الزام لگا کر عوامی ایکشن کمیٹی کو احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا، سپریم اپیلیٹ کورٹ کے سیکرٹری عثمان بشیر جنجوعہ کی بھرتی سے لیکر ترقی تک عجب کریپشن کی غضب کہانی ہے، اس کے باوجود ایک سزا یافتہ ملازم کو بچانے کیلئے جی بی کے ملازمین کا مستقبل دائو پر لگایا جا رہا ہے، جس طرح سپریم اپیلیٹ کورٹ کے ملازمین کا مطالبہ ہے اسی طرح عوامی ایکشن کمیٹی کا بھی مطالبہ ہے کہ عثمان بشیر جنجوعہ کو ہٹا کر سپریم اپیلیٹ کورٹ کو بچایا جائے۔

اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو مختلف الزامات کے ذریعے سے غلط رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہماری دعا ہے کہ گلگت بلتستان میں کھبی لوکل نان لوکل کا تعصب پیدا نہ ہو، کیونکہ جی بی میں بے شمار لوگ مختلف محکموں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، کسی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی نے آواز بلند نہیں کی ہے مگر چند لوگ جنہوں نے جی بی کی قومی غیرت پر حملہ کیا یا پھر غیر قانونی طور پر لوکل ملازمین کا استحصال کیا ان کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی نے احتجاج کیا ہے اور آئندہ بھی کریگی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سپریم اپیلیٹ کورٹ کے ایک ڈپٹی رجسٹرار کے خلاف احتجاج میں جی بی کے عوام ہیں لیکن اسے انا کا مسئلہ بنایا گیا ہے۔ 25 اکتوبر کے جلسے تک مذکورہ شخص کو ملازمت سے برطرف نہیں کیا گیا تو گلگت بلتستان بھر میں احتجاج کی کال دی جائے گی، اس بات کا ادراک عوامی ایکشن کمیٹی کو بخوبی ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں گلگت بلتستان کسی احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن ہمیں جی بی کے عوام اور یہاں کی ترقی عزیز ہے، کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے۔ اجلاس میں 25 اکتوبر کے جلسے کو کامیاب ترین جلسہ بنانے کیلئے وائس چئیرمین عوامی ایکشن کمیٹی فدا حسین کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ضلع گلگت کے تمام محلہ جات کا دورہ کریے گی۔


خبر کا کوڈ: 822979

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/822979/گلگت-اپیلیٹ-کورٹ-کے-سیکرٹری-کی-بھرتی-سے-ترقی-تک-عجب-کرپشن-غضب-کہانی-ہے-عوامی-ایکشن-کمیٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org