0
Saturday 19 Oct 2019 22:26

ربیع الاول میں احتجاج کا کوئی جواز نہیں، دھرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ احتجاج کی کال واپس لیں، میلاد کونسل ملتان

ربیع الاول میں احتجاج کا کوئی جواز نہیں، دھرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ احتجاج کی کال واپس لیں، میلاد کونسل ملتان
اسلام ٹائمز۔ مرکزی میلاد کونسل کے عہدیداروں نے اعلان کیا ہے کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں کسی بھی قسم کے احتجاج اور دھرنے کو قبول نہیں کیا جائے گا، یہ مقدس مہینہ ہمارے لئے عید کی مانند ہے ہر شخص اس دن کو عقیدت اور محبت کے ساتھ مناتا ہے، انتظامیہ کو چاہیئے کہ جلوسوں کے راستوں کی مرمت اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جائیں، ان خیالات کا اظہار مرکزی میلاد کونسل کے سرپرست اعلیٰ و جماعت اعلی سنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی، کوآرڈینیٹر محمد ایوب مغل، مرکزی رہنمائوں علامہ سعید احمد فاروقی، علامہ ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، مفتی محمد عثمان پسروری، مرزا ارشد القادری اور دیگر رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ ربیع الاول ہماری عبادت کا مہینہ ہے اس ماہ کو ہم نبی کریم(ص)  کی ولادت باسعادت کے طور پر مناتے ہیں اس لئے اس ماہ میں احتجاج کا کوئی جواز نہیں، لہذا دھرنے والوں کو چاہیئے کہ وہ ربیع الاول کے دنوں میں احتجاج کی کال واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں جشن عید میلادالنبی کے مقدس مہینے کے دوران جلوس نکالنے، سیمینار اور محافل میلاد کا انعقاد کرنے والی تنظیمیں مرکزی میلاد کونسل کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں، مقامی انتظامیہ خصوصا ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک ہمارے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں لیکن پھر بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ ربیع الاول کے لئے سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مرکزی جلوسوں کے تمام راستوں کی مرمت کی جائے گی اور نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا کیونکہ 12ربیع الاول کے جلوسوں کے راستوں چوک دہلی گیٹ، چوک شاہین مارکیٹ، بوہڑ گیٹ، سرکلر روڈ حسین آگاہی اور دیگر علاقوں میں اکثر پانی جمع رہتا ہے، اسی طرح تجاوزات کا بھی مکمل خاتمہ کیاجائے، غیرضروری دکانیں بند کرائی جائیں اور صرف انہی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے جو دستار بندی کا اہتمام کریں، سینما اور تھیٹر بند رکھے جائیں، ان رہنمائوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ربیع الاول کی تقریبات کو سرکاری طور پر منانے کے اعلان کا خیرمقدم کیا گیا اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کے اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ عید میلادالنبی(ص) منانے والی تنظیموں اور مرکزی میلاد کونسل سے رابطہ بحال رکھیں گے۔

 
خبر کا کوڈ : 822983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش