0
Sunday 20 Oct 2019 09:21

لاہور، چہلم اور عرس کی تقریبات پر 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

لاہور، چہلم اور عرس کی تقریبات پر 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات
اسلام ٹائمز۔ چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس داتا علی ہجویریؒ سمیت شہر بھر میں ہونیوالے مختلف پروگراموں پر لاہور پولیس کے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ لاہور پولیس چہلم اور عرس کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائے گی۔ سکیورٹی پلان کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؑ کے مرکزی جلوس پر 7 ایس پیز، 23 ڈی ایس پیز، 73 انسپکٹرزاور 417 اَپر سب آرڈینیٹس تعینات ہیں۔ عرس داتا علی ہجویریؒ کے موقع پر 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 8 انسپکٹرز اور 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
 
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں۔ جلوس کے روٹ کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ جلوس کے شرکاء کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی جسمانی تلاشی کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیرئیرز سے مدد لی جائے گی۔ جلوس کی فضائی نگرانی اور روف ٹاپ سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو ٹیمیں بھی موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔ اشفاق خان نے ہدایت کی کہ جلوس کے شرکاء کے منتشر ہونے تک کوئی پولیس افسر یا اہلکار اپنا ڈیوٹی پوائنٹ نہیں چھوڑے گا۔ شہری جلوس میں شامل ہونے کیلئے مقرر کردہ پوائنٹس پر گاڑیاں پارک کریں۔
خبر کا کوڈ : 823011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب