0
Sunday 20 Oct 2019 11:28

خواجہ معین الدین چشتی کے سجادہ نشین نے کرتار پور کی طرح مسلمانوں کیلئے بھی راہداری کا مطالبہ کر دیا

خواجہ معین الدین چشتی کے سجادہ نشین نے کرتار پور کی طرح مسلمانوں کیلئے بھی راہداری کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اللہ علیہ کے سجادہ نشین سید محمد بلال چشتی نے لاہور میں عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کی تقریبات میں شرکت کی۔ سید محمد بلال چشتی نے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی۔ سید بلال چشتی نے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سکھوں کیلئے کرتارپور کی راہداری کھل سکتی ہے تو پھر دونوں اطراف کے مسلمانوں کیلئے داتا گنج بخشؒ کے عرس اور خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر آسان ویزہ اور آنے جانے کی رکاوٹیں ختم ہونی چاہییں اور ایک ایسی راہداری مسلمانوں کیلئے بھی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں حکومتوں کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ سکھوں کیلئے راہداری کا کھلنا اچھی بات ہے، ہر شہری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں آزادی ہونی چاہیے، مگر یہ آزادی مسلمانوں کو بھی ملنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈیا اور پاکستان کی حکومتیں اس معاملے پر بھی غور کریں اور کرتار پور راہداری کی طرح اجمیر شریف جانیوالے پاکستانی زائرین اور اجمیر سے لاہور آنیوالے زائرین کیلئے بھی ویزہ شرائط نرم کی جائیں، بہت سے زائرین صرف ویزہ شرائط کڑی ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے کے ملک نہیں آ جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا نے ہمیشہ امن کا درس دیا ہے، صوفیا کے مزارات پر پابندیاں نہیں ہونی چاہیئں۔
خبر کا کوڈ : 823034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش