0
Sunday 20 Oct 2019 11:42

آج کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے دھرنے کی نہیں،گورنر پنجاب

آج کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے دھرنے کی نہیں،گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے لاہور میں عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کی تقریبات کے تیسرے روز مزار پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی، امن و امان کیلئے خصوصی دعا کی۔ مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ امن کا درس دیا ہے، ملک میں رواداری کے فروغ کیلئے صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا اور انہیں معاشرے میں فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی بہتری کیلئے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے دھرنا جائز نہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے، آج کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے دھرنے کی نہیں، کشمیری آزادی کیلئے جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں۔
 
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کا دھرنا دینے کا ٹائم درست نہیں، اس سے ملکی ساکھ اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم سمجھ چکی ہے کہ ملک کا مستقبل جمہوریت میں ہے اور ملک کسی مارشل لاء کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کیساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے،جو معاملات کو درست سمت میں لے جانے میں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق نہیں، مولانا فضل الرحمان نے مجبوری میں دھرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں احتجاج کی بجائے مولانا کی کارکردگی دیکھ رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 823038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش