0
Sunday 20 Oct 2019 16:44

کراچی میں سفر عشق، مرکزی جلوس میں شرکت کیلئے ہزاروں عزاداروں کی اربعین واک جاری

کراچی میں سفر عشق، مرکزی جلوس میں شرکت کیلئے ہزاروں عزاداروں کی اربعین واک جاری
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں اربعین حسینیؑ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر میں جگہ جگہ قریہ قریہ مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس میں میں شرکت کیلئے مختلف علاقوں سے سفر عشق اربعین واک کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اربعین حسینی کے موقع پر عراق کے شہر نجف اشرف سے کربلا معلیٰ میں چہلم شہدائے کربلا میں شرکت کرنے کیلئے عراق سمیت دنیا بھر سے آئے کروڑوں عزادار قافلوں کی شکل میں 80 کلومیٹر پیدل سفر کرتے ہیں، جسے مشی یا اربعین واک کہا جاتا ہے، اسی طرز پر کراچی میں بھی چہلم شہدائے کربلا کے مرکز جلوس میں شرکت کیلئے شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین، مرد بچے بوڑھے عزادار قافلوں کی شکل میں پیدل سفر کرنے کا سلسلہ صبح سے جاری ہے، ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسینؑ دس دس، پندرہ پندرہ کلومیٹر پیدل سفر کرکے نشترپارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہو رہے ہیں۔

پیدل سفر کرنے والوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور ننھے بچے بھی شامل ہیں، اسٹیل ٹاؤن، لانڈھی کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی سے آنے والے پیدل عزادار شاہراہ فیصل سے ہوتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہو رہے ہیں، جبکہ گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایف سی ایریا، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی سے آنے والے پیدل عزادار شاہراہ پاکستان اور یونیورسٹی روڈ کے راستے سے آتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہو رہے ہیں، اس کے علاوہ بھی مختلف علاقوں سے پیدل عزادار مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے جلوس میں شرکت کر رہے ہیں۔ مرکزی جلوس میں شرکت کیلئے پیدل سفر کرنے والے عزاداروں کیلئے راستوں میں جگہ جگہ بڑے پیمانے پر سبیلوں، نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سفر عشق کے موقع پر اربعین واک کے پیچھے گزرگاہوں پر گروپ کی شکل میں عزادار صفائی کرتے جا رہے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے نکلنے کے بعد روائتی راستوں ہر گامزن ہے، جو مغرب تک امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 823074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے