QR CodeQR Code

ایل او سی پر بھارتی جارحیت، پاک فوج کا جوان سمیت 6 شہری شہید، جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک

20 Oct 2019 18:42

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس جوابی کارروائی میں دو بھارتی بنکرز تباہ اور کئی بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 2 بنکر تباہ کر دیئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شاہ کوٹ، نوسیری اور جوڑا سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس پر پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 9 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک کر دیے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس جوابی کارروائی میں دو بھارتی بنکرز تباہ اور کئی بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ جبکہ بھارتی فائرنگ سے ایک جوان لانس نائیک زاہد اور 5 شہری شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزیوں کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا، جوانوں نے ایل او سی پر بھارتی مورچوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ہراشتعال انگیزی پر بھارتی فوج کو کاری ضرب پہنچاتے رہیں گے، یو این مبصر فوجی گروپ کا کوئی بھی رکن آزاد کشمیر میں کہیں بھی جاسکتا ہے، مقامی و غیر ملکی میڈیا بھی آزاد کشمیر میں کہیں بھی جا سکتا ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں کسی کو جانے کی آزادی نہیں ہے۔

عسکری ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرانے کے بعد بھارتی فوج لاشیں اور زخمی اٹھانے میں مصروف ہیں، بھارتی فوج کو اشتعال انگیزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو فوجی آداب کا خیال رکھتے ہوئے آبادی کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے تھا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئی ہیں، اشتعال انگیزی پر بھارتی فوج کو کاری ضرب پہنچاتے رہیں گے، بھارت کے جھوٹے دعوؤں اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کی قلعی ہر سطح پر کھولتے رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارتی میڈیا جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہو گیا، بھارتی میڈیا نے مبینہ کیمپس کو نشانہ بنانے کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے، بھارت اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرے اور پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نقصانات سامنے لائے۔

آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں صورت حال تک رسائی دینے کی بھی جرات کرے، بھارت کے تمام جھوٹے دعوے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں، بھارت کا یہ جھوٹا دعویٰ بھی اپنے انجام تک پہنچے گا، بھارتی میڈیا پاکستانی میڈیا سے ذمہ دارانہ رپورٹنگ سیکھے۔ دوسری جانب ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے کہا کہ یہ سفاکیت کی انتہا ہے، دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی فورسز کی شیلنگ کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر کے ضلع مظفر آباد میں واقع نوسیری سیکٹر اور وادی نیلم کے جورا سیکٹر کو نقصان پہنچا۔


خبر کا کوڈ: 823085

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823085/ایل-او-سی-پر-بھارتی-جارحیت-پاک-فوج-کا-جوان-سمیت-6-شہری-شہید-جوابی-کارروائی-میں-9-فوجی-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org