0
Sunday 20 Oct 2019 18:53

جے یو پی کا فضل الرحمان کے دھرنے میں بھرپور شرکت کا اعلان

جے یو پی کا فضل الرحمان کے دھرنے میں بھرپور شرکت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیر صدارت مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اپوزیشن کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کراچی سے 27 اکتوبر کو شروع ہونیوالے مارچ میں اسلام آباد تک ہر سطح پر شمولیت اختیار کی جائے گی۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، 25 جولائی 2018 کو ہونیوالے انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے تحریک انصاف کو اقتدار میں لایا گیا۔ اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ احتساب انتقام بن چکا ہے۔ نیب کو سیاسی وابستگیاں تبدیل اور سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔ نیب کے انتقام کا شکار صرف اپوزیشن جماعتیں ہو رہی ہیں جبکہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماوں سے رعایت برتی جا رہی ہے۔

جامعہ برکات العلوم میں ہونیوالے اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عملی طور پر ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملکی معیشت اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ فیصلے کرنے کا اختیار موجودہ حکمران کی بجائے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں میں ہے۔ جس کا مظاہرہ تاجروں نے وزیر اعظم کی بجائے جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات میں کیا۔ جے یو پی کی مجلس شوریٰ نے 5 اگست کو کشمیر پر شب خون مارنے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ موجودہ حکومت دیرینہ مسئلے پر کوتاہی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ عمران حکومت نااہل ہے اور امریکہ کی غلام بھی۔ جو کشمیریوں کیساتھ روا رکھے گئے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کو قائل نہیں کر سکی۔ حتیٰ کہ او آئی سی کے رکن ممالک نے بھی کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت نہیں کی۔ کشمیر کا مسئلہ 1947 سے متنازع ہے۔ جس میں پاکستان کیساتھ کشمیری بھی فریق ہیں۔ صرف اہل قیادت ہی مسئلہ کشمیر کو حل کر سکتی ہے۔

مجلس شوریٰ کے اجلاس میں ہوشربا مہنگائی خاص طور پر سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ خود انحصاری کی پالیسی اختیار کرنے اور عالمی مالیاتی اداروں کے چنگل سے نکلنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے واضح کیا کہ آزادی مارچ جمہوریت پسند ہر سیاسی کارکن اور عوام کے دل کی آواز ہے۔ حکومت کیخلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔ چند جماعتیں حکومتی زبان بول کر خود اپنے موقف کی نفی کر رہی ہیں۔ جے یو پی عوام کے ترجمانی کرتے ہوئے نظام مصطفی کے نفاذ کی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور اس کے لیے اکابرین اہل سنت کی پالیسی کے مطابق سیاسی عمل کا حصہ رہیں گے۔ اجلاس میں صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، پیر محفوظ مشہدی، مولانا نور احمد سیال ،مولانا محمد عباس قادری، حاجی محمد فیاض خان، مولانا سردار محمد خان لغاری ،ڈاکٹر جاوید اختر،مولانا عبدالحکیم انقلابی، اور دیگر رہنماوں سمیت ضلعی صدور اور سیکرٹری بھی شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 823086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش