QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کا دھرنا پرامن ہوا تو سہولتیں دیں گے ورنہ دوسرا راستہ اختیار کریں گے، پیر نورالحق قادری

20 Oct 2019 20:21

کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں، مولانا فضل الرحمان سیاسی شخصیت ہیں، مذکرات میں کچھ حتمی نہیں، بات چیت کرکے راضی کرنے اور وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے سے دست بردار کرانے کی کوشش کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پرامن دھرنے اور احتجاج کے لئے تمام سہولیات فراہم کریں گے، مولانا فضل الرحمان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہے۔ کراچی میں ایک سیمینار کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی جماعت پی ٹی آئی ملک و قوم کے مفاد میں بات سننے کو تیار ہے، پرامن احتجاج کرنے والوں کو ہر سہولت فراہم کریں گے تاہم انتشار اور بدامنی پھیلانے کی صورت میں دوسرا راستہ اختیار کیا جائے گا، اظہار رائے کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں، مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سنیں گے جو مطالبات جائز ہوں گے اس پر غور بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت کی حیثیت سے ملک کی بقاء و خیر خواہی کے لئے راست اقدامات کرے گی جس میں ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج اور دھرنا پر ہر سہولت فراہم کریں گے لیکن بدامنی اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف دوسرا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی شخصیت ہیں، مذاکرات میں کچھ حتمی نہیں، بات چیت کرکے راضی کرنے اور وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے سے دست بردار کرانے کی کوشش کریں گے۔ قبل ازیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ حج پالیسی میں نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے جس سے حجاج کو فائدہ ہوگا، حاجیوں کے لئے حج کو آسان تر بنانے کے لئے حکومت متحرک ہے، حاجی ہمارا باس اور ہم اس کے خادم ہیں۔


خبر کا کوڈ: 823093

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823093/مولانا-فضل-الرحمان-کا-دھرنا-پرامن-ہوا-سہولتیں-دیں-گے-ورنہ-دوسرا-راستہ-اختیار-کریں-پیر-نورالحق-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org