0
Sunday 20 Oct 2019 22:58

بین الاقوامی طور پر ایران اور سعودی عرب کو لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے، میجر جنرل اسد نواز

بین الاقوامی طور پر ایران اور سعودی عرب کو لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے، میجر جنرل اسد نواز
اسلام ٹائمز۔ میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ نے کہا ہے کہ ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع میں فورسز کی قربانیوں اور بڑی مشکل سے امن قائم ہوا ہے، کسی کو قانون شکنی اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے اور ضلع کرم میں ذاتی دشمنی کو غلط رنگ دینے والوں کے خلاف کاروائی کریں گے۔ پاراچنار میں چہلم امام شہدائے کربلا کے لئے قائم کئے گئے کرائسز مینجمنٹ سیل میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی نائن ڈویژن میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ نے کہا کہ بعض عناصر ملک کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں اور ضلع کرم میں ذاتی دشمنی میں دو افراد کے قتل کے واقعے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ قتل ہونے والے دو افراد کا عدالت میں کیس چل رہا تھا پھر کیسے اس کیس کو اچھالا گیا۔؟ اس قسم کے عناصر قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے اور 23 اکتوبر کو اس حوالے سے جرگہ بھی منعقد کیا جارہا ہے، جس سے قبل قانون شکن عناصر کے خلاف کاروائی ہوگی۔ میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر فینسنگ کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے، سرحد سے اس پار دہشت گردوں کی موجودگی ہمارے لئے خطرہ ہے اور بعض عناصر کو ہمارے ملک میں امن پسند نہیں اس وجہ سے ہمارے ملک میں بدامنی کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طور پر ایران اور سعودی عرب اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے، بہت مشکل سے صدہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں فورسز کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے، مگر دہشتگرد مواقع ڈھونڈ رہے ہیں، مشران اس قسم کے عناصر کا قلع قمع کریں، کیونکہ اس قسم کے واقعات آگ سے پہلے چنگاری کا کام دیتے ہیں اور عمائدین کے تعاون سے اس قسم کے عناصر کی سرکوبی میں آسانی ہوگی۔ میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ کا کہنا تھا کہ چہلم کی وجہ سے ایسے عناصر کے ساتھ وقتی طور پر نرمی کی گئی ہے، بدامنی کے لئے منصوبہ بندی کرنے اور چھوٹے موٹے واقعات کو بڑھاوا دینے والے سزا سے نہیں بچ سکتے۔ اس موقع پر 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس، کمانڈنٹ فرنٹیئر کور کرنل جمیل، ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد، اسسٹنٹ کمشنر عمیر احمد قبائلی عمائدین اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے، قبائلی عمائدین نے قیام امن کے لئے اپنا بھرپور تعاون کرنے کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 823122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش