0
Sunday 20 Oct 2019 23:03

کرتارپور راہداری 9 نومبر کو عوام کیلئے کھول دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان

کرتارپور راہداری 9 نومبر کو عوام کیلئے کھول دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان دنیا بھر سے آنے والی سکھ برادری کے لئے اپنے دروازے کھولنے کے لئے تیار ہے اور کرتارپور راہداری کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرتارپور منصوبے پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے اور آئندہ ماہ کی 9 تاریخ کو یہ عوام کے لئے کھول دی جائے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت اور دنیا کے دوسرے حصوں سے سکھ برادری دنیا کے سب سے بڑے گرد وارے آسکے گی۔ کرتارپور منصوبے کے ملک پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ سکھ برادری کے لئے ایک بڑا مذہبی مرکز بن جائے گا اور اس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اس سے ملک کے لئے غیرملکی زرمبادلہ کے علاوہ مختلف شعبوں میں روزگار سفری اور میزبانی کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت فروغ پارہی ہے اس سے قبل بدھ بھکشووں نے پاکستان میں مذہبی رسومات کے لئے مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا افتتاح حسب وعدہ 9 نومبر کو کریں گے اور وہ راہداری کھول دی جائے گی، ہم توقع کر رہے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار سکھ یاتری یہاں تشریف لائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 823123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش