QR CodeQR Code

وزیراعلٰی پنجاب سے وزیر خارجہ کی ملاقات، ایل او سی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

21 Oct 2019 19:00

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کیخلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج لاہور میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے شہید لانس نائیک زاہد اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ہے، پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت کمربستہ ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام بہادر مسلح افواج کیساتھ ہیں، پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت بےبنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملہ نہایت قابل مذمت فعل اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کرکے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام جس جبر و ظلم میں زندگی بسر کر رہے ہیں، پاکستانی قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، مظلوم کشمیری عوام کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کیخلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 823143

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823143/وزیراعل-ی-پنجاب-سے-وزیر-خارجہ-کی-ملاقات-ایل-او-سی-صورتحال-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org