0
Monday 21 Oct 2019 09:23

وزیراعظم آج کراچی کا دورہ کرینگے، وزیراعلیٰ سندھ کو مدعو نہیں کیا گیا

وزیراعظم آج کراچی کا دورہ کرینگے، وزیراعلیٰ سندھ کو مدعو نہیں کیا گیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر آج دوپہر کراچی پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آج دوپہر 12 بجے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس کے بعد وزیراعظم جی ڈی اے اور ایم کیو ایم ارکان سندھ اسمبلی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، اتحادی جماعتوں کے ارکان سندھ اسمبلی کے امور پر وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں سندھ انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں وفاق کے زیر انتظام کراچی میں جاری منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے گی، جبکہ وزیراعظم کو کراچی پیکج کے تحت تجویز کردہ اسکیمز کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم بلوچستان کے شہر حب بھی جائیں گے، جہاں وہ پاور پلانٹ منصوبے کی تقریب میں شرکت کرکے نئے پاور اسٹیشن کا افتتاح کریں گے، حب میں چین کے تعاون سے 1320 میگا واٹ کا پاور اسٹیشن بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے درمیان دوریاں برقرار ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعظم کے دورہ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مدعو نہیں کیا گیا اور نہ ہی وزیراعظم سے وزیراعلیٰ کی غیر رسمی ملاقات شیڈول ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کے دورہ کراچی میں وزیراعلیٰ کو مدعو نہ کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو سرکاری طور پر وزیراعظم کے دورہ کراچی سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی وزیراعلیٰ کو صوبے کے منصوبے کے اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 823144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب