0
Monday 21 Oct 2019 09:37

لاہور حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات اختتام پذیر

لاہور حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 976 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات دعا کے رقت آمیز مناظر کیساتھ اختتام پذیر ہوگئیں، تقریبات میں لاکھوں کی تعداد میں عقیدتمند شریک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز جمعہ کے روز رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے ہوا، جس کے بعد جامعہ مسجد داتا دربار میں قومی محفل حسن قرات و نعت کا سلسلہ جاری رہا، معروف نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ دوسری جانب سماع ہال میں محفل سماع کا سلسلہ بھی جاری رہا، جس میں نامور قوال حضرات نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے داتا صاحب سے عقیدت کا اظہار کیا۔
 
عرس تقریبات کے آخری روز جامعہ مسجد داتا دربار میں محفل ختم شریف منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ، سیکرٹری اوقاف پنجاب اعجاز چودھری، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار نذیر چوہان، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین کچھی، ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار بابر سلطان گوندل اور مینجر شیخ جمیل سمیت زائرین اور عقیدت مند شریک ہوئے۔ خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے عرس تقریبات میں ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعا کروائی۔ عرس تقریبات کے دوران محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب اسی لاکھ روپے کی خطیر رقم سے زائرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 823145
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش