0
Monday 21 Oct 2019 14:38

بھارت پاکستان میں داخلی انتشار کیلئے کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

بھارت پاکستان میں داخلی انتشار کیلئے کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر پر ان کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ساکھ اور کشمیریوں کی ہمدردی کھوچکا ہے، توجہ ہٹانے کیلئے کبھی وہ فالز فلیگ آپریشن کا بہانہ بناتا ہے کبھی وہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارت کو ہر میدان میں شکست ہو رہی ہے اور وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے ایسی حرکتیں کررہا ہے، لیکن پاکستان اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ان شاء اللہ اپنا دفاع کرے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر بھارت کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سب سے اہم فورم ہے، اس میں 54  سال بعد کشمیر کا مسئلہ زیربحث آیا، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں پاکستان، اسلام اور کشمیر کا مقدمہ پیش کیا جب کہ میں نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھارت کی خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کیا اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سے بھارت پر مزید دباؤ بڑھے گا۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑتا تھا، لوگوں پر واضح ہوگیا ہے کہ مسئلہ دہشت گردی کا نہیں، مسئلہ حق خودارادیت کا معاملہ ہے، پاکستان کے اندر بھی قوم یکجا ہوچکی ہے، پاکستان کے باہر بھی ہر دارالخلافے میں پاکستانیوں اور کشمیریوں نے احتجاج کرکے بھارت کو بے نقاب کردیا ہے، بھارت پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس سے توجہ ہٹانے کیلئے وہ فالز فلیگ آپریشن چاہتا ہے، بھارت پاکستان میں داخلی انتشار کیلئے کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، بھارت کی خواہش ہے پاکستان اپنے داخلی مسائل میں الجھا رہے اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹ جائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی نے بھی بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا، کشمیر کے مسئلے کو یورپی یونین میں زیربحث لایا گیا، دنیا کی ہر پارلیمنٹ میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں زیربحث ہیں اور وہ تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ کھٹائی میں پڑا تھا حکومت نے اسے انٹرنیشنلائز کردیا ہے، عالمی میڈیا بھارت کی پالیسیوں پرتنقید کررہا ہے، بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر پر ان کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 823226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش