QR CodeQR Code

لبنان، معاشی بحران کے باعث ملک گیر عوامی احتجاج، حکومت معاشی اصلاحات پر رضا مند

21 Oct 2019 15:51

میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے حکمرانوں پر کرپشن اور دوستوں کو نوازنےکا الزام لگایا ہے، گزشتہ چار روز سے جاری ملک گیر احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے جب کہ اس احتجاج کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف دہائی کا ایک بڑا احتجاج قرار دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے معاشی اصلاحاتی پیکج پر رضامندی ظاہر کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لبنان میں معاشی بحران کے باعث ملک گیر شدید عوامی احتجاج کے بعد وزیراعظم سعد الحریری نے حکومتی اتحادی جماعت کے ساتھ معاشی اصلاحاتی پیکج پر رضا مندی ظاہر کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان میں معاشی بحران کے باعث بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے، جس میں مظاہرین نے حکمرانوں پر کرپشن اور دوستوں کو نوازنےکا الزام لگایا ہے۔ لبنان میں گزشتہ چار روز سے جاری ملک گیر احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے جب کہ اس احتجاج کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف دہائی کا ایک بڑا احتجاج قرار دیا گیا ہے۔ لبنان کی مخلوط حکومت کے وزیراعظم سعدالحریری نے اپنے اتحادیوں کو اصلاحات پررضامندی کے لیے 72 گھنٹے دیے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے استعفے کا بھی اشارہ دیا۔

جبکہ سعد الحریری نے اپنے حریفوں پر اصلاحات میں رکاوٹ بننے کا الزام لگایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اصلاحاتی پیکج میں یہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ موجودہ اور سابق صدور کی تنخواہوں میں 50 فیصد کمی کی جائے گے جب کہ وزرا، اراکان اسمبلی ، ریاستی اداروں اور ان کے عہدیداران کی مراعات کو بھی کم کیا جائے گا۔ معاشی اصلاحاتی پیکج مرکزی اور نجی بینکوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ آئندہ بجٹ میں خسارے پر مکمل قابو پانے کے ہدف تک پہنچنے کے لیے تین ارب ڈالر سے زائد رقم فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ معاشی اصلاحاتی پیکج میں ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر اور بجلی کے شعبے میں مہنگے پرزہ جات کی مرمت کے حوالے سے نجکاری کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم سعد الحریری کی کابینہ کی جانب سے جلد ہی اس اصلاحاتی پیکج کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 823254

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823254/لبنان-معاشی-بحران-کے-باعث-ملک-گیر-عوامی-احتجاج-حکومت-اصلاحات-پر-رضا-مند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org