QR CodeQR Code

وزیراعظم عمران خان سے اب کسی قسم کی کوئی امید نہیں رہی، مصطفیٰ کمال

21 Oct 2019 20:10

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کو پی ٹی آئی کا چیئرمین اور وزیراعلیٰ سندھ کو پی پی پی کا کارکن نہ سمجھیں، بلکہ اپنا اور انکا آئینی کردار سمجھتے ہوئے سندھ حکومت سے کراچی کیلئے کام لیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو وزیراعظم عمران خان سے اب کسی قسم کی کوئی امید نہیں رہی، حقیقت تو یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی سے یہاں کے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، حکمرانوں کا رویہ کراچی کے حوالے سے انتہائی افسوسناک ہے، یہاں لوگ ڈینگی، کتے کے کاٹنے اور کچرے کے باعث بڑھتی ہوئی بیماریوں سے مر رہے ہیں، دورے سے ایسا تاثر مل رہا ہے جیسے وزیراعظم کہیں بیرون ملک آئے ہوں، کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور اس کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کو پی ٹی آئی کا چیئرمین اور وزیراعلیٰ سندھ کو پی پی پی کا کارکن نہ سمجھیں، بلکہ اپنا اور انکا آئینی کردار سمجھتے ہوئے سندھ حکومت سے کراچی کیلئے کام لیں، کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق براہ راست شہروں میں ترقیاتی کام نہیں کرا سکتا، بلکہ اسے صوبے کے ذریعے کام کرانے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اب تک اپنے وعدوں کے مطابق گرین لائن منصوبہ بھی مکمل نہیں کر پائی، جس نے یہاں کے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔


خبر کا کوڈ: 823293

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823293/وزیراعظم-عمران-خان-سے-اب-کسی-قسم-کی-کوئی-امید-نہیں-رہی-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org