QR CodeQR Code

کربلا معلیٰ، المصطفیؑ فاؤنڈیشن یو ایس اے کے زیرانتظام ساتویں انٹرنیشنل امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد

21 Oct 2019 22:15

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظہیرالحسن نقوی نے کہا کہ سید الشہدا حضرت امام حسینؑ کی قرآنی، الہٰی اور تحریک کا پرچم چودہ سوسال بعد بھی دنیا کے کونے کونے میں پوری قوت اور تزک و احتشام کے ساتھ لہرا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی خاتم الانبیاؑ کانفرنس ہال، حرمِ سیدؑ الشہدا کربلا معلیٰ میں ساتویں بین الاقوامی امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں امریکہ، یورپ، عراق، ایران، افریقہ اور پاکستان کی ممتاز شخصیات نے خطاب کیا۔ دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کی کثیر تعدار نے سیمینار میں شرکت کی۔ المصطفیؑ فاؤنڈیشن یو ایس اے کے چیرمین اور خطیبِ حرمِ امام حسینؑ، علامہ سید ظہیرالحسن نقوی نے اپنے صدارتی خطاب میں اربعین سیدؑ الشہدا کو بے مثال اجتماع قرار دیتے ہوئے بے نظیر اربعین ملین مارچ کو جدید اسلامی تمدن کے احیاء اور حسینی راستے پر گامزن کروڑوں انسانوں کا منفرد مظاہرہ قرار دیا۔

علامہ سید ظہیرالحسن نقوی نے سید الشہدا حضرت امام حسینؑ کو تمام انسانیت کے لئے منارہ نور قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسیران کربلا نے امام زین العابدینؑ اور حضرت زینبؑ کی قیادت میں جس قرآنی، الہٰی اور حسینی تحریک کا پرچم بلند کیا تھا، آج چودہ سوسال بعد بھی دنیا کے کونے کونے میں وہ پوری قوت اور تزک و احتشام کے ساتھ لہرا رہا ہے اور اسکا ایک نمونہ اس سال کا اربعین ملین مارچ ہے، جس میں دنیا کے ایک سو کے قریب ممالک کے شہری شریک ہوئے ہیں۔ المصطفیؑ فاؤنڈیشن کے سربراہ نے حب الحسین یجمعنا کی تفسیر بیان کرتے ہوئے حضرت زینبؑ کے اس خطبے کی طرف اشارہ کیا جس میں ثانی زہراؑ نے بھرے دربار میں یزید کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ تم جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کرلو ہماری یاد کو لوگوں کے دلوں سے محو نہیں کرسکتے۔

ساتویں بین الاقوامی امام حسینؑ کانفرنس میں ایران کے معروف خطیب اور انقلابی اسکالر آقا پناہیان، سچ ٹی وی کے چیرمین اور اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن علامہ افتخار نقوی، ہدایت ٹی وی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام حسین عدیل، افریقہ میں اسلامک سینیٹر کے سربرا ہ ڈاکٹر عبداللہ حسینی، معروف اسکالر ڈاکٹر شہر بانو، ڈاکٹر ثروت عسکری، مشہور اینکرز سید ندیم حسین، محترمہ عروج ناصر اور ولایت ٹی وی کے جوان سال اینکر سید محمد نقوی نے خطاب کیا۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض جاوید حسین آف نیویارک نے ادا کئے۔ ساتویں انٹرنیشنل امام حسینؑ کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مقررین نے المصطفی فاؤنڈیشن یو ایس اے کے سربراہ کی عزاراری سیدؑالشہدا کے فروغ اور مومنین و مسلمین کی فلاح و بہبود کے لئے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بین الاقوامی سیمینار کو نہایت مفید اور مقصد سیدؑ الشہدا نیز حسینی افکار و نظریات کے فروغ اور اربعین حسینی کے حقیقی فلسفے کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کی بہترین کوشش قرار دیا۔ سیمینار کے اختتام پر شرکائے کانفرنس نے حرم سیدؑ الشہدا کے دسترخوان سے کھانا بھی تناول کیا۔


خبر کا کوڈ: 823310

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823310/کربلا-معلی-المصطفی-فاؤنڈیشن-یو-ایس-اے-کے-زیرانتظام-ساتویں-انٹرنیشنل-امام-حسین-کانفرنس-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org