QR CodeQR Code

صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

22 Oct 2019 12:40

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، شرپسند عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس لاہور میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، شرپسند عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کے کاروبار زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس اور متعلقہ ادارے ہر ممکن اقدام اٹھائیں۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد ہاشم ڈوگر، انصر مجید خان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور سیکرٹری اطلاعات نے اجلاس میں شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 823392

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823392/صوبے-میں-قانون-کی-عملداری-کو-ہر-قیمت-پر-یقینی-بنایا-جائے-گا-وزیراعلی-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org