0
Tuesday 22 Oct 2019 13:29

آفتاب شیرپاؤ کا آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان

آفتاب شیرپاؤ کا آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اُترنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن کور پشاور میں پارٹی کی فیڈرل اور صوبائی کونسلز کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کو چار مطالبات پیش کئے ہیں جس میں وزیراعظم کا استعفٰی، دوبارہ الیکشن کرانا، فوج کی عدم تعیناتی اور آئین کی اسلامی دفعات شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کے رہنماؤں کیلئے غیر شائستہ زبان استعمال کر رہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی، گذشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو جتوانے کیلئے دھاندلی کا سہارا لیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت مولانا فضل الرحمٰن کو گرفتار نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن حکومت نے اس مطالبہ کو نہیں مانا اور پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو ایک اجلاس بھی نہیں کر سکی۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ عوام کو روزگار کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک سکیورٹی سٹیٹ بن گیا ہے اور ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 823405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش