0
Tuesday 22 Oct 2019 17:09

علماء ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کسی سازش کا حصہ نہیں، طاہر اشرفی

علماء ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کسی سازش کا حصہ نہیں، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کی فضا قائم کرنے کیلئے ہر سطح پر جدو جہد جاری رہے گی۔ علماء ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کسی سازش کا حصہ نہیں، مسجد مدرسہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، حکومت ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کی چوکیدار ہے افواہیں پھیلانے والے پاکستان دشمن قوتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی۔ اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے رہنماء مولانا طاہر عقیل اور علامہ طاہر الحسن بھی موجود تھے۔ اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر 27 اکتوبر کو ملک بھر میں جموں کشمیر پر بھارتی قبضہ کے 72 سال ہونے کیخلاف یوم سیاہ منایا جائیگا۔ ملک بھر کے غیور علماء و مشائخ، خطباء، آئمہ اور دیگر طبقات ایل او سی پر بھارتی افواج کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے افواج پاکستان کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اس نازک موقع پر حالات کا تقاضا ہے کہ پوری قوم اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ کرے، ایسے حالات میں ملک کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا لہٰذا حکومت اور حزب اختلاف معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں، ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی، افواج پاکستان اور ان کی قیادت کیخلاف پروپیگنڈہ اور الزام تراشی کرنے والے ہندوستان اور اسرائیل کی خدمت کر رہے ہیں، ایسے عناصر کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ پاکستان علماء کونسل نے پولیس یا دیگر اداروں کی طرف سے مدارس و مساجد، علماء و مشائخ سے بلا وجہ تفصیلات طلب کرنے کی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے ملک بھر میں کہیں کوئی مسئلہ درپیش ہوتو علماء و مشائخ اس کمیٹی سے رابطہ کر سکتے ہیں، کسی کو بلا وجہ تنگ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی، انتہا پسندی، فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اور مدارس و مساجد کے تحفظ اور حقوق کیلئے، مظلوم کشمیری و فلسطینی مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم، ارض حرمین شریفین سعودی عرب کے دفاع و سلامتی اور پاکستان کے استحکام کیلئے وحدت امت ہی واحد راستہ ہے، ہمیں ذاتی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ان عظیم مقاصد کیلئے یک جان ہونا ہو گا۔ پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں، مولانا فضل الرحمن کے مطالبات سنیں گے جو مطالبات جائز ہوں گے ان کو پورا کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت کی حیثیت سے ملک کی بقا و خیر خواہی کے لیے درست سمت اقدامات کر رہی ہے جس میں ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن سیاسی شخصیت ہیں، انہیں اپنے مطالبات سیاسی جدوجہد کے ذریعے ہی آگے بڑھانے چاہئیں اور حکومت مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 823463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش