0
Tuesday 22 Oct 2019 21:54

کے پی کے، اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز پر پابندی، ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ

کے پی کے، اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز پر پابندی، ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں اراکین اسمبلی کو حلقوں کے نام پر ترقیاتی فنڈز نہیں ملیں گے، یہ فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جو صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا۔ صوبائی کابینہ نے نئی اے ڈی پی پالیسی کی بھی منظوری دی۔ خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ صوبہ میں اب وہاں ترقیاتی فنڈز لگائے جائیں گے جہاں ان کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ اراکین اسمبلی کو حلقوں کے نام پر ترقیاتی فنڈز نہیں ملیں گے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کئے جانے والے فیصلے کی وجہ سے کسی حلقے یا اراکین اسمبلی میں ترقیاتی فنڈز کی بندر بانٹ نہیں ہوگی۔ تیمور سلیم نے بتایا کہ کابینہ نے صوبائی سیکرٹریٹ ملازمین کے الاؤنسز میں 20 فیصد اضافے کی بھی منطوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے الاؤنسز کے اجراء کو ملازمین کی کارکردگی سے مشروط کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے ذرائع ابلاغ کے سامنے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا انقلابی فیصلہ کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کابینہ اجلاس سے سابق وزرائے اعلٰی اور گورنروں سے سکیورٹی واپس لینے کا نکتہ ایجنڈے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے اعلان کردہ آزادی مارچ کے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ آزادی مارچ پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے، آزادی مارچ سے ویسے بھی کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے جس طرح صرف سیکرٹریٹ ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ کر کے دیگر صوبائی ملازمین کو نظر انداز کیا ہے بالکل اسی طرح یکم اکتوبر کو پنجاب حکومت نے بھی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر مخصوص بیوروکریٹس کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کر کے دیگر ملازمین کو یکسر نظر انداز کیا تھا۔ پنجاب حکومت نے جن افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا ان کی تعداد 1700 بتائی گئی تھی۔ افسوسناک حکومتی فیصلے سے پروفیسرز، اساتذہ، ڈاکٹروں اور انجینئرز سمیت دیگر کسی بھی شعبے کے سرکاری ملازمین کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا تھا۔
خبر کا کوڈ : 823503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش