QR CodeQR Code

کشمیریوں کی مدد نہیں کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کریگی، محمد حسین محنتی

22 Oct 2019 23:52

جیکب آباد میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ پاک فوج مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت مومن کی معراج ہے، کشمیر کا واحد حل بھی جہاد ہے، پاک فوج مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، 25 اکتوبر کو جیکب آباد میں مرکزی رہنما لیاقت بلوچ کی زیر قیادت جہاد کشمیر مارچ جہاد کی طرف پہلا قدم ثابت ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں اندرون سندھ کے علاقے نوازوجاگیر جیکب آباد میں جلسہ عام سے خطاب، ٹریڈ یونین کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ڈی سی چوک جیکب آباد پر لگائے گئے پبلسٹی کیمپ کا دورہ اور شرکاء سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنما حافظ نصراللہ عزیز، عبدالحفیظ بجارانی، مجاہد چنا اور حاجی دیدار علی لاشاری سمیت مقامی رہنما بھی انکے ساتھ موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارت کے 72 سالہ غاصبانہ قبضہ 78 دنوں کے کرفیو اور ظلم و جبر کے تمام ہتکنڈوں کے باوجود کشمیری نوجوان بچے، بوڑھے اور خواتین جذبہ جہاد و شوق شہادت سے ہندوستانی فوج کو للکارتے ہیں، 5 اگست کے بعد یہ لوگ سخت آزمائش میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول، اسپتال، کاروبار بند، حتی کہ عید و جمعہ کی نماز پڑھنے کے بنیادی حق و مذہبی فریضے سے محروم کر رکھا گیا ہے، جو کہ حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک گھڑی میں آج اگر ہم نے ان مظلوم کلمہ گو کشمیری بھائیوں کی مدد نہیں کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کریگی، یہ صورتحال کسی بڑے المیہ کو بھی جنم دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا جہاد کشمیر مارچ اتحاد امت کی علامت اور مظلوم کشمیریوں کی ترجمانی کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 823518

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823518/کشمیریوں-کی-مدد-نہیں-تاریخ-ہمیں-معاف-کریگی-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org