QR CodeQR Code

احسان فراموشی عمران نیازی کا طرہ امتیاز رہا ہے، شہباز شریف

23 Oct 2019 19:53

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھا کرغربت، مہنگائی میں اضافہ کر دیا گیا، آج کا سرمایہ دار خوف کا شکار ہے، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) ہمیں برا بھلا کہتی تھی، آج وہ بھی احتجاج کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احسان فراموشی عمران نیازی کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی نمائندوں کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی صدر شہباز شریف، جنرل سیکریٹری احسن اقبال سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ پارٹی کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احسان فراموشی عمران نیازی کا طرہ امتیاز ہے، غیروں کو چھوڑیں، یہ اپنے خاندان کو بھی نظرانداز کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کی معیشت کا ستیاناس کردیا ہے، آج ڈالر کی قیمت خود یکھیں کہاں پہنچ گئی، عمران کہتا تھا کہ اگر تیل ایک روپیہ مہنگاہو تو حکمران چور ہے لیکن اب اس کے دور میں 50 روپے سے زیادہ مہنگا ہوچکا ہے۔

صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھا کرغربت، مہنگائی میں اضافہ کر دیا گیا، آج کا سرمایہ دار خوف کا شکار ہے، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) ہمیں برا بھلا کہتی تھی، آج وہ بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مفت علاج، ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت اسپتالوں میں فراہم کیں، مہنگائی 10 سے 11 فیصد تک پہنچ چکی، اگر نواز شریف کو چوتھی بار موقعہ ملتا تو پاکستان کو کوئی ملک نہیں پکڑ سکتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دگرگوں صورتحال پر ہر پاکستانی کو فکر ہے، خوشحالی کا سفر بدحالی میں بدل دیا گیا ہے، عمران کو ہوش آیا ہے نہ کبھی آنا ہے، اگر دل میں درد ہوتا تو ادویات مہنگی کرتا اور  نہ ہی میڈیکل ٹیسٹ مہنگے کرتا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب بھی شفاف انتخابات ہوں گے، 6 ماہ میں معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کر دیں گے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے لیگی صدر نے کہا کہ 27 اکتوبر  کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھانی ہے، مودی کا ہاتھ روکنا ہے تو پوری قوم کو ایک ہونا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا آزادی مارچ کے حوالے سے کہنا ہے کہ اکتوبر میں اسلام آباد میں پوری قوت کے ساتھ (ن) لیگ اور پاکستان کا جھنڈا اٹھا کر پہنچنا ہے، وہاں پر پوری طرح طشت از بام کریں گے اور نواز شریف کے خط کے مطابق کام کریں گے، عمران خان کو اس وقت تک نہیں چھوڑیں گے جب تک اقتدار نہیں چھوڑتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اداروں نے جتنی مدد اور حمایت عمران خان کو ایک سال میں دی ہے، اس کی  72 سال میں مثال نہیں ملتی لیکن اس کی قسمت اتنی خراب ہے، دماغ خالی اور غرور سے بھرا پڑا ہے کہ مسائل کا اسے پتہ نہیں سوائے کرکٹ اور بال ٹیمپرنگ کے کچھ نہیں آتا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 92 میں جس طرح اس نے ورلڈکپ جیتا جو کہ پوری ٹیم کی کوششوں سے جیتا گیا تھا، شاید اس کا خیال تھا کہ کرکٹ کی طرح یہ ملک کو بھی کہاں سے کہاں لے جائے گا، جتنی عمران کی مدد اداروں نےکی ہے، اگر ہماری حکومت کی 10 فیصد کی ہوتی تو ہم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو کہاں سے کہاں لے جاتے۔


خبر کا کوڈ: 823672

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823672/احسان-فراموشی-عمران-نیازی-کا-طرہ-امتیاز-رہا-ہے-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org