QR CodeQR Code

وفاق اور سندھ حکومت سمیت سب کراچی سے کچرا اٹھانے میں ناکام ہوگئے ہیں، مصطفیٰ کمال

24 Oct 2019 18:21

پاکستان ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ کراچی کے لوگ جب تک خاموش رہیں گے عذاب بڑھتا رہے گا، عوام سے کہتا ہوں کہ ظلم کو خاموشی سے سہنے والا ظالم کا ساتھی ہے، ہمارا ساتھ دیں ہم اس ظلم کی طاقت کو تباہ و برباد کردیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت سمیت سب کراچی سے کچرا اٹھانے میں ناکام ہوگئے ہیں، کرپشن کی وجہ سے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، وزیراعظم سے گزارش ہے نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، تمام سیاسی اختلافات بھلا کر نواز شریف کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ پاکستان ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ اس شہر میں کچرا اٹھانا مسئلہ بن کر رہ گیا ہے، پہلے وفاق پھر صوبائی حکومت سمیت سب فیل ہوگئے، اب تو کتے کے کاٹنے کی خبریں بہت زیادہ عام ہوچکی ہیں، کتے کاٹے کی ویکسین سرکاری اسپتالوں میں میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو کتے کو کھانے میں زہر ملا کردیا کرتے تھے تو وہ مرجاتا تھا اب تو کتے کے زہر میں بھی کرپشن ہے جس سے کتے مر نہیں رہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے لوگ جب تک خاموش رہیں گے عذاب بڑھتا رہے گا، عوام سے کہتا ہوں کہ ظلم کو خاموشی سے سہنے والا ظالم کا ساتھی ہے، پاک سرزمین پارٹی آخر تک ظلم کے خلاف کھڑی ہے، ہمارا ساتھ دیں ہم اس ظلم کی طاقت کو تباہ و برباد کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، میری دعا ہے شریف خاندان اس آزمائش سے جلد نکلے، وزیراعظم سے گزارش ہے نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، تمام سیاسی اختلافات بھلا کر نواز شریف کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ پی ایس پی اس ملک کا مستقبل ہے، بطور سٹی ناظم کئے گئے کاموں کو دنیا یاد رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاک سرزمین پارٹی میں لوگ شامل ہورہے ہیں، میں میر شمس مینگل کو پی ایس پی میں خوش آمدید کہتا ہوں، یہ 2013ء کے عام انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے بہت سارے لوگ پی ایس پی میں شامل ہورہے ہیں، آج ملتان میں ہمارا زون کھل گیا ہے اور کچھ دنوں بعد آپ کو بہت سے لوگوں کی شمولیت کی خبر ملے گی۔


خبر کا کوڈ: 823818

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823818/وفاق-اور-سندھ-حکومت-سمیت-سب-کراچی-سے-کچرا-اٹھانے-میں-ناکام-ہوگئے-ہیں-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org