0
Thursday 24 Oct 2019 21:19

نواز شریف کی صحت سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل ہوگا، فردوس عاشق اعوان

نواز شریف کی صحت سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل ہوگا، فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کسی شخصیت کی خواہشات کے تابع نہیں ہوگا اور نواز شریف کی صحت کے حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی حکومت اس پر من و عن عملدرآمد کرے گی۔ اسلام آباد میں ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق عدالتوں میں درخواستیں آئی ہیں، فیصلہ بھی عدالتیں کریں گی، پہلے بھی عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کیا ہے اور اب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے، حکومت کے پاس عوام کی خدمت، ریلیف کی فراہمی، تعمیر و ترقی کے میگا پراجیکٹس موجود ہیں، اس لئے جن کے پاس کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے وہ بیماری پر سیاست کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز نے والد سے ملاقات کی درخواست کی تھی جو پوری کردی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ عمران خان کے خلاف اپوزیشن کیچڑ اچھالے اور اس کے باوجود حکومت ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالے، اینٹ کا جواب پتھر سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 20 ہزار تک آگئے ہیں، ہر آنے والے دن اس میں بہتری آئے گی، صحت مند نواز شریف ہی ہم سب کے لئے اہم ہیں، اب مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی بیماری کی آڑ میں حکومت پر تنقید کی بجائے کوئی اور ذریعہ تلاش کرے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو فون کر کے ہدایات دی ہیں کہ نواز شریف کو صحت کی اچھی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ شریف فیملی کو اعتماد میں لے کر ملک کے جس ہسپتال میں علاج کے لئے جانا چاہیں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے حوالے سے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ بیماری کے باوجود انہیں دوبارہ جیل بھجوا دیا گیا ہے، اب دو آپشن ہیں کہ ہم ڈاکٹر کی ایڈوائس پر عمل کریں یا پارٹی ترجمانوں کی سنیں، مریم نواز کی ای سی جی، بلڈ پریشر سمیت تمام ٹیسٹ کے نتائج نارمل آئے ہیں اس کے بعد انہیں ہسپتال سے جیل ہی منتقل کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تمام ہسپتالوں میں زیر علاج ہر مریض نواز شریف ہے، مریضوں میں بھی تفریق ختم ہونی چاہیئے، تمام جیلوں کی انتظامیہ سے گزارش ہے کہ وہ ایسے تمام مریضوں کی فہرستیں شیئر کریں جو جیل میں قید کاٹتے ہوئے مہلک بیماریوں کا شکار ہوئے ہیں، شخصیات اور انسانیت میں فرق ختم کرنا ہوگا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان بیت المال دکھی انسانیت کو تحفظ دینے کا اہم ادارہ ہے، وزیراعظم نے بیت المال کا دائرہ احساس پروگرام تک وسیع کیا، عمران خن عوامی مفاد کے راستے میں رکاوٹیں دور کر رہے ہیں جبکہ اصلاحات پروگرام کے تحت پاکستان بیت المال میں بھی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں جنگیں سرحدوں پر نہیں بلکہ معاشی میدان میں لڑی جارہی ہیں جبکہ ملکی ترقی کے لئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔
خبر کا کوڈ : 823844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش