0
Thursday 24 Oct 2019 23:43

بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا

بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت اور اس میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا۔ آزادی مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے کوئٹہ میں اجلاس ہوا، جس میں مسلم لیگ نون، پاکستان پیپلز پارٹی، پشتونخوامیپ، نیشنل پارٹی، اے این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی صوبائی قیادت نے جے یو آئی کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالوسع نے کہا کہ اس وقت ملک میں منی مارشل لا نافذ ہے۔ عوام دن بہ دن مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں دھنس رہے ہیں۔ وقت آگیا کہ سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجا جائے۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عوام کی نظر میں موجودہ حکمرانوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ عوام جلد عمران خان کے استعفٰی کی خوشخبری سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نصیر آباد سبی ڈویژن سے قافلے براستہ سکھر لاہور جبکہ کوئٹہ، قلات، پشین، قلعہ سیف اللہ، چمن، ژوب اور دیگر علاقوں سے قافلے براستہ لورالائی لاہور میں جمع ہوں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک نے کہا کہ ایک سال اور چند ماہ میں موجودہ حکومت نے عوام کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی۔ نا اہل اور کٹھ پتلی حکومت کے خلاف جہاد میں پیپلز پارٹی بھرپور شرکت کرے گی اور سوداگر کو بھگا کر وآپس آئیں گے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ فیڈریشن کو فیڈریشن اور جمہوریت کو جمہوریت کے تحت چلانے سے ملک ترقی کرے گا۔ لیکن اس وقت ملک میں بے چینی ہے، عوام پریشان ہیں، کوئی بھی ادارہ ٹھیک سے کام نہیں کر رہا۔ مہنگائی اور بے روزگاری عروج ہر ہے۔ اس حکومت سے نجات کیلئے پشتونخوامیپ نے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر اچکزئی نے کہا کہ آزادی مارچ ملک کی بقاء کی جنگ ہے۔ ملک کی سلامتی اور بقاء کے پیش نظر اے این پی نے آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایسا احتجاج ہوگا، جس کی ملک کی تاریخ میں کوئی مثال نہ ہوگی۔ مسلم لیگ نون کی رہنما راحیلہ درانی نے کہا کہ اس وقت ہماری پارٹی مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے، بیشتر مرکزی قیادت جیل میں ہے۔ ان مشکلات کے باوجود مسلم لیگ نون آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی، تاکہ عوام کو غیر جمہوری حکمرانوں سے نجات دلائی جائے۔ نیشنل پارٹی کے رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کر دیا ہے۔ عوام نااہل حکمرانوں سے بے زار ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ نالائق اور نااہل حکومت کی چھٹی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری حکومت میں میڈیا پر پاپندیاں اور پریشر ہے۔ غیر اعلانیہ سنسر شپ کی وجہ سے عوام اور سیاسی جماعتوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 823864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش