1
0
Friday 25 Oct 2019 18:09

نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور، نیب نے مخالفت تک نہ کی

نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور، نیب نے مخالفت تک نہ کی
اسلام ٹائمز۔ عدالت نے نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی چوہدری شوگر مل کیس میں فوری درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، اس موقع پر سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض ہیں، ان کے گردے بھی خراب ہیں جب کہ 2 بار آپریشن بھی ہو چکا، میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد 6 سے بڑھا کر 10 کر دی ہے تاہم حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے نواز شریف کو کیا بیماری ہے۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف  کے مرض کی تشخیص کی جا رہی ہے لیکن ابھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، نواز شریف کو پلیٹ لیٹس لگائے جاتے ہیں جو 24 گھنٹوں میں ختم ہو جاتے ہیں، نوازشریف کو شوگر، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ، دل کے عارضے سمیت دیگر طبی پیچیدگیاں ہیں جب کہ 30 ہزار پلیٹ لیٹس ہونے تک نواز شریف سفر نہیں کر سکتے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت میں وقفہ کے بعد فیصلہ سنایا، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی تاہم اس موقع پر نیب کی جانب سے ضمانت کی مخالفت نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی آج سابق وزیراعظم نوازشریف کی سزا معطلی کے لئے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف کی میڈیکل پوزیشن جاننے کے حوالے سے ڈاکٹرز بہتر ججز ہیں، جسٹس محسن اختر نے ریمارکس میں کہا کہ ہم میڈیکل ایکسپرٹ نہیں لیکن ڈاکٹر کو بتانا ہوگا کہ ان کی جان کوخطرہ ہے جب کہ نواز شریف کو ضمانت قانونی طور پر نہیں مل سکتی، نوازشریف کی میڈیکل صورتحال کے مطابق ہم درخواست دیکھ رہے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی تفصیلی اور تازہ میڈیکل رپورٹس طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 823925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

سیدہ زہرا
Pakistan
جب ڈیل ہو جائے اور حکومتی آرڈرز آجائیں، وہ بھی اصلی آرڈر اسٹیبلیشمنٹ کا ہو تو نیب اور ججز کی کیا مجال کہ ضمانت نہ کریں، کاش کوئی ڈیل، کوئی ایسا قانون غریبوں کیلئے بھی ہو۔
ہماری پیشکش