QR CodeQR Code

سیاست اپنی جگہ، ہماری تمام ہمدردیاں شریف خاندان کیساتھ ہیں

فضل الرحمان نے کشمیر کاز کو سبوتاژکرنے کی کوشش کی ہے، غلام سرور خان

25 Oct 2019 20:37

میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی کا کہنا تھا کہ مولانا نے کبھی بھی بھارتی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، میں کہنے پر مجبور ہوں کہ کھاتے پاکستان کا ہیں اور کام کسی اور کے لئے کرتے ہیں، آزادی مارچ سے فائدہ کون اٹھا سکتا اور اس سے نقصان کس کو ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ عدالتی مقدمات اور سیاست اپنی جگہ مگر ہماری ہمدردیاں شریف خاندان کے ساتھ ہیں، عدالت کا فیصلہ قابل احترام ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے معاملے میں ڈیل نہیں ڈھیل ہو سکتی ہے، حکومت کی طرف سے انسانیت کے معاملے پر ڈھیل ہے، بیماری کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیئے، عدالت نے میڈیکل رپورٹس دیکھ کر ضمانت کا فیصلہ سنایا، جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت پرامن جلسہ کرنا چاہے ہمیں کوئی اُس پر کوئی اعتراض نہیں، البتہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ وفاقی وزیر  کا کہنا تھا کہ مولانا نے کبھی بھی بھارتی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، میں کہنے پر مجبور ہوں کہ کھاتے پاکستان کا ہیں اور کام کسی اور کے لئے کرتے ہیں، آزادی مارچ سے فائدہ کون اٹھا سکتا اور اس سے نقصان کس کو ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کا سب سے زیادہ نقصان کشمیریوں کو ہو رہا ہے، کسی عالمی فورم پر فضل الرحمان نے کشمیر کا مسئلہ پیش نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا، اُن کی کاوشوں کی بدولت عالمی سطح پر کشمیر سے متعلق بات ہورہی ہے۔ وفاقی وزیر ہوا کا کہنا تھا کہ ایسے موقع پر مولانا فضل الرحمان مسلح جتھے عالمی برادری کو دکھا رہے ہیں، جن کی وجہ سے عالمی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹ رہی ہے، پلوامہ واقعے کے بعد جمعیت علماء اسلام ہند کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کے خلاف انتہائی ناگوار گفتگو کی گئی۔ غلام سرور کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کو جمعیت علماء اسلام ہند کے  بیان کی مذمت کرنا چاہیئے، کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے یہ مارچ ہے تو یہ لائن آف کنٹرول پر ہونا چاہیئے، فضل الرحمان نے کشمیر کاز کو سبوتاژکرنے کی کوشش کی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 823935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/823935/فضل-الرحمان-نے-کشمیر-کاز-کو-سبوتاژکرنے-کی-کوشش-ہے-غلام-سرور-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org