0
Friday 25 Oct 2019 22:40

پاکستان میں بین الاقوامی فوڈ چینز بھی خراب معاشی صورتحال کی زد میں آگئیں

پاکستان میں بین الاقوامی فوڈ چینز بھی خراب معاشی صورتحال کی زد میں آگئیں
اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری معاشی بے چینی اور مہنگائی کے باعث پاکستان میں کاروبار کرنے والی معروف انٹرنیشنل فوڈ چینز کی جانب سے 50 سے زائد آؤٹ لیٹس بند کرنے کا امکان ہے۔ فوڈ سیکٹر کے باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں جاری معاشی بحران اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے تمام طبقات خصوصاً مڈل اور لوئر مڈل کلاس کی ڈسپوزیبل انکم یا قابل خرچ آمدنی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور تمام افراد نے کم آمدنی کے پیش نظر اپنے اخراجات محدود کر دیئے ہیں۔ وہ صرف اشیائے ضروریہ پر خرچ کر رہے ہیں، جبکہ زیادہ تر اخراجات ترک کر دیئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے مقامی سمیت بین الاقوامی فوڈ چینز جن میں پیزا ہٹ، میکڈونلڈ اور کے ایف سی قابل ذکر ہیں، کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اور ان کمپنیوں نے بھی اس تبدیلی کو بھانپ لیا ہے اور اخراجات میں اضافے اور آمدنی میں کمی کے خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں اپنی 50 سے زائد برانچوں کو بند کرنے کے بارے میں سوچ بچار شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ماضی میں بہتر معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے مذکورہ فوڈ چینز نے اپنے آٹ لیٹس کی تعداد میں اضافہ کیا تھا، جبکہ یہ فوڈ چینز پاکستان سے معقول منافع بھی حاصل کر رہی تھیں۔

ایک حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت 70 فیصد لوگوں کی آمدنی ان کے اخراجات سے کم ہے، جبکہ 10 فیصد افراد ایسے ہیں جو ادھار لے کر اپنے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق معاشی عدم استحکام کی صورت حال آئندہ 2 سال تک برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ آئندہ دو ماہ تک افراط زر کی شرح 13 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے۔ یہ وہ حقائق ہیں جن کی وجہ سے مقامی اور غیر ملکی کمپنیاں یہ سوچنے پر مجبور ہوگئی ہیں کہ وہ اپنی سرمایہ کاری میں کمی لا کر اس نئی صورت حال کا مقابلہ کریں اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں تو وہ سرمایہ کاری کے بارے میں سوچیں۔ اس حوالے سے کے ایف سی کے ذرائع نے بتایا کہ ان کی کمپنی اپنی کوئی برانچ بند نہیں کر رہی ہے، اس وقت ملک بھر میں کے ایف سی کی 90 برانچیں ہیں، جو کاروبار کر رہی ہیں۔ میکڈونلڈ کے مارکیٹنگ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ سندھ اور پنجاب میں اپنی ان برانچوں کو بند کر رہے ہیں، جہاں سیل کم ہے، جبکہ اس حوالے سے پیزا ہٹ کا مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 823961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش