QR CodeQR Code

آزادی مارچ ملک میں افراتفری پیدا کرنے کا سبب بنے گا، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

26 Oct 2019 20:48

ملتان سے جاری بیان کے مطابق ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت کسی انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکومت اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے اے پی سی بلاکر کسی ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک اس وقت کسی انارکی کا متحمل نہیں ہوسکتا، مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے جاری کرفیو اور مودی کے ظلم و ستم نے عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کر دیا ہے، لائن آف کنڑول پر تسلسل کے ساتھ ہندوستان کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان پر ایف اے ٹی ایف کی طرف سے مسلسل دباو کا سامنا ہے، ابھی تک پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا ایسی صورتحال میں آزادی مارچ پر اصرار ملک میں بدامنی، افراتفری اور انار کی پیدا کرنے کا سبب بنے گا، جس کا اس وقت ہمارا ملک کشمیر اور سرحدوں کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں متحمل نہیں ہوسکتا، بلکہ کشمیر کے کیس کو کمزور کرنے اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر جو اجاگر ہو رہا ہے اس سے توجہ ہٹانے کا باعث بنے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن جو ہمیشہ مذاکرات کے حامی رہے ہیں ان کا وزیراعظم کے استعفیٰ کی شرط لگا کرمذاکرات سے انکار اور تمام مذہبی قوتوں کو اعتماد میں لئے بغیر تن تنہا ہر حال میں آزادی مارچ پر اصرار ذہنوں میں بہت سے شکوک و شہبات کو جنم دے رہا ہے، حکمراں جو اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں غیرمقبول ہوچکے ہیں اور ہرطبقہ کی طرف سے ان کو احتجاج کا سامنا ہے بالخصوص ان کے بعض اقدامات سے مذہبی طبقہ میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے، ان کو چاہئے کہ مذہبی طبقہ سمیت مختلف طبقات میں موجود بے چینیوں کا فوری ازالہ کریں، کشمیر اور ہندوستان کے بارے میں عملی اقدامات کر کے قوم کو مطمئن کریں، اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ایک اے پی سی بلا کر کوئی ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان کریں۔


خبر کا کوڈ: 824130

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824130/آزادی-مارچ-ملک-میں-افراتفری-پیدا-کرنے-کا-سبب-بنے-گا-صاحبزادہ-ابوالخیر-محمد-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org