0
Sunday 27 Oct 2019 18:47

دنیا میں امن قائم کرنا ہر مذہب کے سچے پیروکاروں کی ذمہ داری ہے، حسین محی الدین

دنیا میں امن قائم کرنا ہر مذہب کے سچے پیروکاروں کی ذمہ داری ہے، حسین محی الدین
اسلام ٹائمز۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام دو روزہ ”سائنس، منطق اور مذہب“ پر بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ہر مذہب کے پیروکار کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مذہب کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے، اللہ تعالیٰ تدبر اور غوروفکر سے کام لینے والے مفکر کی رہنمائی کرتا ہے، قرآن صراط مستقیم ہے، قرآن میں سوچ و بچار کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور تجسس کرنا انسان کی فطرت میں شامل ہے۔ دنیا میں امن قائم کرنا ہر مذہب کے سچے پیروکار کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک ان تمام لوگوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے جو کہ اس کتاب برحق پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی ذہن کو ہر وقت نئی ایجادات کو قبول کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس میں شرکت کرنیوالے بین الاقوامی سکالرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی نے اسلام اور دیگر مذاہب کے سکالرز کو کانفرنسز میں مدعو کر کے بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کی بنیاد رکھی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری، پرو وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، کنوینئر کانفرنس ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹر مارکیٹنگ منہاج یونیورسٹی رابعہ علی اور کانفرنس مینجمنٹ کمیٹی کو مبارکباد دی۔ سائنس، منطق اور مذہب پربین الاقوامی کانفرنس کے آخری روز مجموعی طور پر چار سیشن ہوئے جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے نامور محققین جن میں امریکہ سے ڈاکٹر چارلس ایم رامسے، جوزف پی گراسکے، برطانیہ سے ربی ہرشول گلوک، ڈاکٹر ایلن ریس شریک ہوئے۔

کانفرنس میں تھائی لینڈ سے ڈاکٹر فارما بونچوے دوجے، نیوزی لینڈ سے وکرم سنگھ سیوک، نائیجیریا سے ڈاکٹر شعیبو عمر گوکارو، سکاٹ لینڈ سے ڈاکٹر ایم ممتاز خان اور فلپ ڈیونسن پیٹرز نے اپنے مقالہ جات پیش کئے اور بعد ازاں پینل ڈسکشن میں وائس چانسلر ساؤتھ ایشیا یونیورسٹی میاں عمران مسعود، سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان، فلپ ڈوکن پیٹرز، ڈاکٹر مسفرہ محفوظ، ہرشل گلوک، ایلن ریس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شرکا کے سوالوں کے جوابات دیئے۔ کانفرنس کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین بی او جی منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے قومی اور بین الاقوامی سکالرز میں سوینرز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 824188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش